عرب امارات ،جون کے دوران ایک لاکھ سائبر حملے ناکام
ابوظہبی (اے پی پی) متحدہ عرب امارات میں کمیونیکیشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ جون 2020ء کے دوران وفاقی حکومت کے ماتحت ویب سائٹس پر ایک لاکھ کے لگ بھگ سائبر حملے کیے گئے جس پر کمپیوٹر ایمرجنسی نیشنل ٹیم نے بروقت کارروائی کرکے سارے حملے ناکام بنادیے۔الامارات خبررساں ادارے کے مطابق اماراتی کمیونیکیشن کمیشن نے جون سے متعلق سائبر سکیورٹی کی کارکردگی پر ماہانہ رپورٹ جاری کی ہے۔کمیونیکیشن کمیشن نے بتایا کہ سائبر حملے مختلف طرح کے تھے، 73 فیصد کا تعلق انتہائی فنکارانہ پروگرامنگ سے تھا اور 15 فیصد سائبر حملے سکیورٹی خامی سے فائدہ اٹھانے کے لیے کیے گئے جبکہ 12 فیصد حملوں کا ہدف کسی بھی ناگہانی غلطی سے ناجائز فائدہ اٹھانے کا تھا۔