سی پیک: ایم ایل ون منصوبے سے 90 فیصد پاکستانیوں کو روزگار ملے گا: حکام
اسلام آباد(اے پی پی) سی پیک کے تحت 7.2ارب ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والا مین لائن۔ریلوے ایم ایل ون سے 90 فی صد سے زائد پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق مین لائن ون ٹریک سے ریلوے حادثات پر قابو پانے اور ہزاروں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ کراسنگ فری ٹریک ہوگا جس سے کراچی سے لاہور تک کے سفری دورانیے میں سات گھنٹے کی کمی آئے گی جبکہ راولپنڈی سے لاہور کا سفر صرف دو گھنٹے میں طے ہوگا۔حال ہی میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و چئیرمن سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطہ کے ویب سائٹ پہ اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے کی لاگت 7 ارب 20 کروڑ ڈالر ہے۔چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت توانائی کے مختلف منصوبوں سے 10 ہزار 70 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو گی۔پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق سی پیک کے تحت توانائی کے شعبہ میں مجموعی طور پر 17 ارب 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں خیبر پختونخوا میں سکھی کناری پن بجلی منصوبے سے 870 میگاواٹ، تھر کول بلاک ون سے 1320 میگاواٹ، کروڑ ہائیڈرو پاور سٹیشن سے 720 میگاواٹ جب کہ او تھر مائن مائوتھ اوریکل پاور پلانٹ سے 1320 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔