فضائی آپریشن کی جلد بحالی کیلئے پی آئی اے کے یورپی حکام سے رابطے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی آئی اے حکام نے فضائی آپریشن بحال کرنے کے لئے یورپی پارلیمنٹرینز و سول ایوی ایشن حکام کے ساتھ رابطے شروع کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کی رواں ماہ 3 جولائی سے یورپ کے لئے تمام پروازوں پر وزیر ہوابازی کی جانب سے متعدد پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ہونے کے اعلان کے بعد پابندی لگادی گئی تھی جس کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو بک کی ہوئی مسافروں کی ٹکٹیں ری فنڈ کرنے کے ساتھ ساتھ مالی خسارے کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کا یورپ کے درمیان فضائی آپریشن بند ہونے سے محکمہ کو ماہانہ ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے۔ یورپی پارلیمنٹرینز میں پاکستانی پارلیمنٹرینزکی بھی فضائی آپریشن بحال کرنے کیلئے خدمات حاصل کی جارہی ہیں تاکہ قومی ایئرلائن کی پروازیں جلد ازجلد بحال ہو سکیں۔ پروازیں بند ہونے سے قومی ایئرلائن کو ریفنڈ بھی کرنا پڑا ہے لیکن پی آئی اے حکام اور حکومتی سطح پرکی جانے والی کوشش کی وجہ سے یورپ کے درمیان پی آئی اے کا فضائی آپریشن جلد بحال ہونے سے یورپ اور پاکستان کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو خاطرخواہ سہولت اور آسانی حاصل ہوگی۔