مویشیوں کی خریداری کیلئے منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہونگے: اسد عمر
لاہور(صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6سے شام 7بجے تک ہوں گے، دیہات اور شہروں کے درمیان مویشیوں اور افراد کی نقل و حرکت سے کرونا پھیلنے کا خدشہ ہے، حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے بروقت اقدامات سے کرونا کے زیادہ پھیلائو کو روکا گیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت لاہور میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں مویشی منڈیوں کا انتظام اور ایس او پیز کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں 700مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں ، تمام متعلقہ افراد کو ایس او پیز فراہم کر دی گئی ہیں۔اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے بروقت اقدامات سے کرونا کے زیادہ پھیلائوکو روکا گیا، ملک بھر میں 321مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاون جاری ہے، اسمارٹ لاک ڈاون کے ذریعے 3لاکھ افراد کو کرونا سے بچایا گیا ہے، این سی او سی نے 3شہروں میں کرونا کے تیزی سے پھیلاو کی نشاندہی کی۔اسد عمر نے کہا کہ دیہات اور شہروں کے درمیان مویشیوں اور افراد کی نقل و حرکت سے کرونا پھیلنے کا خدشہ ہے، کرونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے مویشی منڈیوں کا بہتر نظم نسق ناگزیر ہے، مویشی منڈیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تاہم ان کا حجم چھوٹا ہوگا، مقررہ حد سے زیادہ سے لوگوں کو منڈی آنے کی اجازت نہیں ہوگی، شہر کے اندر کسی کو مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کراچی میں لوڈشیڈنگ پر ایک بار پھر کے الیکٹرک کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک ذمہ داری پوری کرے ورنہ نیپرا کارروائی کرے گا۔ایک انٹرویو کے دوران اسد عمر نے کہا یہ نہیں ہوسکتا کہ شہریوں کی جائز ضروریات پوری نہ ہوں اور وفاق دیکھتا رہے، کے الیکٹرک ذمہ داری پوری کرے ورنہ نیپرا کارروائی کرے گا۔