کرونا: 54 اموات، 2005 نئے کیس: پاکستان کو بدستور نقصانات کا سامنا: آئی ایم ایف
اسلام آباد/ بیجنگ (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نمائندہ+ شہنوا) پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال میں کچھ حد تک بہتری آرہی ہے۔ کیسز اور اموات میں کمی دیکھی گئی۔ ملک میں مجموعی طور پر مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 52 ہزار982 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 5 ہزار304 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ 2005نئے کیسز اور 54 اموات کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ 5 ہزار 304 افراد صحتیاب ہوگئے۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 1089 نئے کیسز اور 31 اموات کا اضافہ ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 ہزار 929 ٹیسٹ کیے گئے جس میں کرونا وائرس کے ایک ہزار 89 نئے کیسز پازیٹو آئے اور تعدا د ایک لاکھ 6 ہزار 622 ہوگئی۔ مجموعی اموات 1826 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 487 نئے کیسز اور 7 اموات کا اضافہ ہوا۔ مجموعی کیسز 87 ہزار 43 تک پہنچ گئے۔ اموات 2013 تک پہنچ گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس نے مزید 85 افراد کو متاثرکیا جبکہ ایک فرد انتقال کرگیا۔ مجموعی کیسز14ہزار 108 تک پہنچ گئی۔ مجموعی اموات 153 ہوگئی۔ بلوچستان میں 12 جولائی کو 28 کیسز کا اضافہ ہوا، تعداد 11 ہزار 185 تک پہنچ گئی۔ گلگت بلتستان میں 13 نئے مریض سامنے آئے۔ کیسز کی تعداد ایک ہزار 671 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 35 افراد متاثر ہوئے اور یوں مجموعی کیسز 1599 تک پہنچ گئے۔ مزید ایک فرد کا انتقال ہوا اور اموات 44 تک پہنچ گئی۔ سرکای اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 ہزار 217 افراد میں اضافہ ہوا اور یہ ایک لاکھ 61 ہزار 917 تک پہنچ گئی۔ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحت ضابطہ کار کی 6 ہزار 498 خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں ،441 سے زیادہ دکانیں، مارکیٹس سیل، 1231 گاڑیاں بند، جرمانے کئے گئے ۔کمانڈ سینٹر کے اعلامیہ کے مطابق ملک بھر میں عوامی تحفظ، صحت ضابطہ کار پر عملدرآمد کیلئے ٹیمیں متحرک ہیں۔ دوسری طرف عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او)کے دو ماہرین کوویڈ19-کا ماخذ معلوم کرنے کی تحقیق میں تعاون کے لئے چین پہنچ گئے ہیں۔ یہ بات وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھن اینگ نے پیر کو بتائی۔ ہوا نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ چین اور ڈبلیو ایچ او میں مشاورت کے بعد چینی حکومت نے اس بات پر اتفاق کیا تھا۔ ڈبلیو ایچ او کے مابین وائرس کے ماخذ کا پتہ چلانے کا بنیادی اتفاق رائے ایک سائنسی مسئلہ ہے جس کا سائنسدانوں کو بین الاقوامی تحقیق اور دنیا بھر میں تعاون کے ذریعہ مطالعہ کرنا چاہئے۔ علاوہ ازیں بھارت میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں مزید تیزی آ گئی ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 28 ہزار مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک میں امریکا اور برازیل کے بعد بھارت کا تیسرا نمبر ہے جہاں متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد لگ بھگ 9 لاکھ ہو گئی ہے۔ بھارت میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا میں 5 لاکھ 71 ہزار 574 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ایک کروڑ 30 لاکھ 36 ہزار550 متاثر ہیں جبکہ 75لاکھ 82ہزار شفایاب ہوئے ہیں۔امریکہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں 34لاکھ 13ہزار 995 افراد متاثرہیں۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں مزید 371افراد ہلاک ہوئے اور مجموعی ہلاکتیں ایک لاکھ37ہزار 782ہوگئی ہیں۔ برازیل میں 18لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد کرونا سے متاثر ہیں اور 72ہزار 151 اموات ہوئی ہیں۔ روس میں کرونا سے7لاکھ 27ہزار 162افراد متاثر ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 11ہزار 335ہوگئی ہے۔ پیرو میں ہلاکتوں کی تعداد 11ہزار870ہوگئی۔ مجموعی کیسز کی تعداد 3لاکھ26ہزار سے زائد ہے۔ چلی میں تین لاکھ 15ہزارسے زائد افراد متاثر ہیں اور 6ہزار 979 ہلاک، سپین میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 28ہزار چار سو سے تجاوز کر گئی ہے، مجموعی کیسز تین لاکھ 988ہے۔ میکسیکو میں دو لاکھ 99ہزار 750زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص اور 35ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ برطانیہ میں کرونا سے اموات کی تعداد 44ہزار 819سو سے بڑھ گئی جبکہ 2لاکھ 89ہزار سے زائد سے متاثر ہیں۔ جنوبی افریقہ میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 79ہوگئی ہے جبکہ دو لاکھ 76ہزار 242افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ایران میں دو لاکھ 57ہزار سے زائد افراد کروناوائرس سے متاثر ہیں اور12 ہزار829جاں بحق ہوچکے ہیں۔ روس نے دنیا کی پہلی کرونا ویکسین کیلئے ٹرائلز مکمل کر لئے۔ کرونا ویکسین کیلئے ٹرائل مکمل کرنے والا پہلا ملک بن گیا روس کی سیکیوٹوف فرسٹ ماسکو اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی نے کرونا وائرس کیلئے دنیا کی پہلی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کئے۔ اس بات کی تصدیق انسٹی ٹیوٹ فارٹرانسکیشنل میڈیسن اینڈ بائیو ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹرو ڈیم تارا سوف نے کی گامالئی انسٹی ٹیوٹ آف لمیٹڈیمولوجی اینڈ مائکروبیولوجی کی تیار کردہ ویکسین کے تمام کلینیکل ٹرائلز 18 جون سے شروع ہوئے تھے کلینیکل ٹرائلز کیلئے تشکیل دیئے گئے دونوں گروپوں کو جلد ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ کرونا کے دوران پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفر بڑھا، شرح سود کوکم کیا گیا جبکہ رواں مالی سال شرح نمو ایک فیصد رہے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو تاحال کرونا کے نقصانات کا سامنا ہے۔کرونا کے دوران اسلام آباد کو فنڈز فراہم کیے۔ فنڈز کی ترجیحات تبدیل ہوئیں۔ کرونا کی وجہ سے پاکستان میں محاصل متاثر ہوئے، بروقت ٹیکس جمع کرنا دشوار ہوا، عالمی بیماری کی وجہ سے پاکستان کو مانیٹری پالیسیوں میں تبدیلیاں کرنا پڑیں۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثر افراد کو کیش گرانٹس دینا پڑیں، چھوٹے کاروبار کو بحال کرنے کیلیے رعایتیں دینا پڑیں، کرونا کے دوران پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفر بڑھا۔ کرونا وائرس کے دنیا پر اثرات سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کا ہر 9 میں سے ایک شخص بھوک و افلاس کا شکار ہو رہا ہے۔کرونا وائرس سے دنیا بھر میں بھوک اور افلاس کی صورتحال بدترین ہوگئی ہے۔ ایک سال میں بھوک و افلاس کے شکار افراد کی تعداد میں ایک کروڑکا اضافہ ہوا‘ معاشی ابتری‘ماحولیاتی مسائل اور مہنگائی بھوک و افلاس میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردارکیا ہے کہ کرونا وبا کی صورتحال بدتراور مزید بدتر ہو سکتی ہے۔ دنیا کے بیشتر ممالک غلط سمت میں جا رہے ہیں۔ کرونا وائرس اب بھی لوگوں کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ بنیادی احتیاطی تدابیر نہیں اپنائی گئیں تو یہ وبا جاری رہے گی۔ معمول کی صورتحال کی واپسی مستقبل قریب میں ممکن نہیں۔