چلی کی پارلیمنٹ میں اسرائیلی توسیع پسندی کے خلاف قرارداد منظور
غزہ (آن لائن) چلی کی پارلیمنٹ نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی خود مختاری کے قیام کے اعلان کے خلاف ایک قرارداد منظور کی ہے۔ اس قرارداد میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی ریاست کی خودمختاری کے قیام کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دوسری طرف اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق چلی کی پارلیمنٹ میں منظور کی جانے والی قرارداد میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ دریں اثناء حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری نے فلسطینی سرزمین پر صہیونی ریاست کی خود مختاری کی سازشوں کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا فلسطینیوں کے خلاف جرائم اور فلسطینی اراضی پرقبضے کی صہیونی سازشوں پر اسرائیل پر اقتصادی پابندیاں عائد کرے۔