• news

مسترد بل منظور کرانے کیلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے سینٹ سے مسترد بلوں کو منظور کرانے کے لئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت پارلیمانی امور نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ وزارت پارلیمانی امور آئندہ چند دنوں میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوا دے گی جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔ موجودہ حکومت کے دور میں قومی اسمبلی سے منظور کردہ تین چار بل مسترد کر دئیے گئے جب کہ دو تین بل سینٹ کا اجلاس نہ ہونے کی وجہ سے لیپس ہو گئے ہیں۔ سینٹ میں اپوزیشن کی اکثریت ہونے کی وجہ سے حکومت اپنی مرضی کی قانون سازی نہیں کرسکتی۔ حکومت پی ایم ڈی سی کا آرڈیننس، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کی تعداد میں اضافہ اور میوچل لیگل اسسٹنٹس بل 2020کو ہر قیمت پر پارلیمنٹ سے منظور کرانا چاہتی ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قانون سازی کے غیر معمولی اقدام کی اپوزیشن بھرپور مخالفت کرے گی اور اپنی پارلیمانی قوت کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مجتمع کرے گی اور حکومت کو ٹف ٹائم دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن