• news

گندم ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون کیا جائے: وزیراعظم

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ملک بھر میں گندم اور آٹے کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے اور قیمتوں کو یکساں سطح پر لانے کے لئے جہاں بین الصوبائی کوارڈینیشن کو مزید بہتر کیا جائے وہاں جامع اور منظم انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری خیبرپی کے اور چیف سیکرٹری بلوچستان گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کو مکمل طور پر یقینی بنائیں۔ چیف سیکرٹری سندھ گذشتہ سال کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ سندھ میں گندم کی ریلیز کی پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے ۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ مستقبل میں گندم اور آٹے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے گند م کی درآمد کے فیصلے پر عمل درآمد کے حوالے سے منصوبہ بندی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھی جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان کے زیرصدارت ملک بھر میں عوام الناس کو گندم اور آٹا کی مناسب قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے اور قیمتوں پر قابو رکھنے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا حماد اظہر، سید فخر امام، مشیران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے جبکہ صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں چینی کی مناسب نرخوں پر دستیابی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور خیبر پی کے کی جانب سے گندم کی صورتحال اور گندم اور آٹے کی قیمتوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ کہ صوبہ پنجاب کے تمام شہروں میں بیس کلو آٹے کا تھیلا860 روپے پر فراہم کیا جا رہا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ گندم کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے اٹھارہ ہزار ٹن گندم روزانہ کی بنیاد پر ریلیز کی جا رہی ہے۔ صوبہ خیبر پختونخواہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تقریبا بیس فیصد آٹا خیبر پختونخواہ کو بھجوایا جا رہاہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبے میں چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملک بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کریک ڈائون کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ اور چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت کی کہ گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں گندم اور آٹے کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے اور قیمتوں کو یکساں سطح پر لانے کے لئے جہاں بین الصوبائی کورارڈینیشن کو مزید بہتر کیا جائے وہاں جامع اور منظم انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت کی کہ گذشتہ سال کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ سندھ میں گندم کی ریلیز کی پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے ۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ مستقبل میں گندم اور آٹے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے گند م کی درآمد کے فیصلے پر عمل درآمد کے حوالے سے منصوبہ بندی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی کہ ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھی جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم عمران خان نے منظوری دے دی۔ دوسرے مرحلے کیلئے مارک اپ 6 سے کم کر کے 3 فیصد کر دیا گیا۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوان کاروبار کیلئے ایک لاکھ سے ڈھائی کروڑ روپے تک کا قرض لے سکیں گے، بنا گارنٹی قرض کی حد بھی 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی گئی۔پاکستان نے ترکی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتح اﷲ گولن دہشت گرد تنظیم کے حوالہ سے ترکی کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہے اور فتح اﷲ گولن دہشت گرد تنظیم (ایف ای ٹی او) کی جانب سے ترکی کو درپیش خطرات کے خاتمہ کیلئے ترکی کے ہر اقدام کی بھرپور معاونت کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ ترک صدر رجب طیب اردگان کے نام اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ترکی کے ’’جمہوریت اور قومی دن‘‘ کے موقع پر اظہار یکجہتی کیا۔وزیراعظم عمران خان سے پنجاب کے 3 وزراء نے ملاقات کی۔ ان میں مراد راس‘ محسن لغاری اور محمد سبطین شامل ہیں۔ پنجاب میں کرونا کی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان آج بھاشا ڈیم کا دورہ کریں گے۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ بھی وزیراعظم کے ساتھ ہوں گے۔ وزیراعظم کو بھاشا ڈیم پر بریفنگ دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن