• news

ناموس رسالت پر جان بھی قربان‘ اسکے بغیر دین مکمل نہیں ہوتا: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے چیف ایگزیکٹو آفیسر یو ایس گروپ میاں محمد احسن اور چیئرمین جاوید اشرف بھٹی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر راسخ الٰہی بھی موجود تھے جبکہ وفد میں صہیب جاوید بھٹی، میاں علی احسن اور عبدالرحمن سکھیرا شامل تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ناموس رسالت پر ہماری جان بھی قربان ہے، تحفظ ناموس رسالت ہمارے دین کی بنیاد ہے اس کے بغیر دین مکمل نہیں ہوتا، اسلام کیلئے اگر ہم سے کوئی کام ہوجائے تو میں سمجھوں گا کہ میری زندگی کا مقصد پورا ہو گیا اور اللہ تعالیٰ مجھ سے راضی ہوگیا۔ میاں محمد احسن نے کہا کہ سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی میں تحفظ ناموس رسالت بل اور دینی کتب کو علما بورڈ سے منظوری سے مشروط کر کے بڑا عظیم کام کیا ہے۔ جاوید اشرف بھٹی نے کہا کہ مسلم امہ کیلئے آپ کی یہ خدمت کبھی فراموش نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کمپنی کی جانب سے 50 ہزار ماسک پیش کیے اور کہا کہ ہم حکومت پاکستان کو بھی 1.2 ملین ماسک کا تحفہ دے چکے ہیں تاکہ کرونا وائرس سے بچائو میں مدد کی جا سکے۔ دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی میاں محمد شفیع کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی والدہ کے انتقال اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ والدہ کا سایہ باعث رحمت ہوتا ہے اس غم کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن