بحرین میں کئی پاکستانی پائلٹ گراؤنڈ ‘اومان‘ ہانگ کانگ میں 21 کلیئر
بحرین (نوائے وقت رپورٹ) بحرین کی ائیرلائنز نے بھی جعلی لائسنس کا سکینڈل سامنے آنے پر پاکستانی پائلٹس کو گراؤنڈ کردیا۔ بحرین سی اے اے کی جانب سے پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھا گیا ہے جس میں پائلٹس کے لائسنس کی تصدیق اور تحقیقات کرنے کو کہا گیا ہے۔ بحرین سی اے اے کے خط میں کہا گیا ہے کہ پائلٹ چوہدری غفور ثاقب، پائلٹ محمد مبشر خان اور ملک عمران الطاف کے لائسنس کی تصدیق کی جائے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 5 پاکستانی انجینئرز کے لائسنس کی بھی تصدیق کرکے رپورٹ دی جائے۔ دریں اثناء غیرملکی ائیرلائنز میں کام کرنے والے 21 پائلٹس کے لائسنس کلیئر قرار دیتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اومان اور ہانگ کانگ کو جوابی خطوط بھیج دیئے ہیں۔ یاد رہے کہ اومان اور ہانگ کانگ کی سول ایوی ایشنز نے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے پاکستانی پائلٹس کے لائسنس کے معاملے پر وضاحت طلب کی تھی۔