چین سے کشیدگی‘ جنگی جنون کا شکار بھارت امریکہ سے مزید 72 ہزار اسالٹ رائفلز خریدے گا
نئی دہلی (بی بی سی) بھارتی فوج امریکہ سے مزید 72 ہزار سِگ 716 اسالٹ رائفلز خریدنے پر غور کر رہی ہے۔ان سِگ (ایس آئی جی) اسالٹ رائفلز کی پہلی کھیپ بھارت کو جنوری میں دی گئی تھی اور یہ شمالی کمانڈ اور دیگر آپریشنل علاقوں میں تعینات فوجیوں کو دے دی گئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ رائفلز کشمیر اور دیگر سرحدی علاقوں میں تعینات فوجیوں کو بھی دی گئیں ہیں۔ حکومتی عہدیدار نے بتایا: 'ہم سکیورٹی فورسز کو دیے گئے معاشی اختیارات کے تحت مزید 72 ہزار رائفلز کا آرڈر دینے جا رہے ہیں' اور کہا جا رہا ہے کہ یہ خریداری فاسٹ ٹریک پرچیز (ایف ٹی پی) پروگرام کے تحت کی جائے گی۔ فاسٹ ٹریک پرچیز کے بارے میں ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ایچ ایس پناگ بتاتے ہیں: 'اگر چہ ہر فوج چاہتی ہے کہ لڑائی کے لیے اس کے پاس سب کچھ ہو لیکن ایک جمہوریت اور خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں ترقی اور معیشت پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے اور فوج کا بجٹ کم ہوتا ہے۔ لیکن جب کوئی بحران پیدا ہو جاتا ہے اور کوئی کمی ہوتی ہے تو ہنگامی صورت حال میں اس قسم کی خریداری کی جاتی ہے۔ یہ ہر فوج کرتی ہے، صرف انڈین فوج کی بات نہیں ہے۔'ان کا کہنا ہے کہ اگر صورت حال اس طرح کی ہو کہ کوئی چارہ نہ ہو تو پھر ایسا کرنا ہوتا ہے۔ چین کے ساتھ جاری سرحدی تنازعے کے درمیان کی جانے والی اس خریداری کو اہم سمجھا جا رہا ہے لیکن جنرل ایچ ایس پناگ کا کہنا ہے کہ اسے موجودہ بحران سے جوڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ فوج کی جدید کاری کا صرف ایک حصہ ہے۔