• news

سندھ حکومت سے مذاکرات کامیاب: شادی ہالز 2 اگست سے پہلے کھولنے کی یقین دہانی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) شادی ہالز مالکان کے وزیر بلدیات ناصر شاہ اور کمشنر کراچی سے مذاکرات ہوئے۔ صدر شادی ہالز مالکان رانا رئیس کے مطابق سندھ حکومت اور کمشنر سے مذاکرات کامیاب رہے۔ حکومت نے ہمیں 2 اگست سے پہلے شادی ہالز کھولنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ حکومت نے ہم سے شادی ہالز سے متعلق ایس او پیز کیلئے تجاویز مانگی ہیں۔ ہماری تجاویز پر غور کر کے حکومت ایک جامع ایس او پی متعارف کرائے گی۔ حکومت کی بنائی ہوئی ایس او پی کی پاسداری کریں گے۔
لاہور(کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ کرونا کی صورت حال میں بہتری آنے پر ستمبر کے پہلے ہفتے میں شادی ہال کھول دیں گے۔انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز سرپرست اعلیٰ پنجاب میرج ہال ایسوسی ایشن میاں محمد الیاس کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا ہے۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں ہونے والے ملاقات کے دوران میرج ہالز کی بندش سے پیدا ہونے والی مشکلات اور شادی ہالز کھولنے کے امور پر بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی صورت حال کی بہتری کی صورت میں ستمبر کے پہلے ہفتے میں شادی ہال کھول دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وبا ء سے ہر شعبہ متاثر ہوا، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میرج ہالز کھولنے اور آؤٹ ڈور کیٹرنگ کی اجازت کا معاملہ کابینہ کمیٹی اور این سی اوسی کے اجلاس میں رکھوں گا، امید ہے اچھی خبرملے گی۔میرج ہال انڈسٹری سے ہزاروں خاندانوں کا روز گار وابستہ ہے۔ کاروبار اور صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنا وزیر اعظم عمران خان کاویزن ہے۔

ای پیپر-دی نیشن