کرونا، مزید 62 ہلاکتیں، عوام عید پر احتیاط کریں، چیئرمین این ڈی ایم اے
اسلام آباد ‘نیویارک ‘ لندن ‘ میڈرڈ‘ تہران (نمائندہ خصوصی‘صباح نیوز‘ این این آئی‘ نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا سے مزید 62 افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات 5366ہو گئیں۔ مزید2074 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ متاثرین کی تعداد 2لاکھ 54ہزار 755ہو گئی۔ گذشتہ روز21 ہزار 20ٹیسٹ کیے گئے اور اب تک مجموعی طور پر16لاکھ 6ہزار 190ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 7773 ہوگئی۔ پنجاب87 ہزار 492، خیبر پی کے31ہزار ایک، بلوچستان11ہزار 239، اسلام آباد 14ہزار 202، آزادکشمیر ایک ہزار655، گلگت بلتستان ایک ہزار694 کرونا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کرونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2ہزار 26 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ سندھ ایک ہزار 826، خیبر پی کے ایک ہزار 106، اسلام آباد 155، بلوچستان126، گلگت بلتستان36 اور آزادکشمیر میں 45مریض جاں بحق ہوئے۔ این سی اوسی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں 8ہزار 929 کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔ پنجاب میں7ہزار 375، خیبر پی کے 2ہزار 98، اسلام آباد 2ہزار 15، بلوچستان 204، گلگت بلتستان 62 اور آزادکشمیر میں 337 ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک بھر میں 733 ہسپتالوں میں کرونا مریضوں کیلئے سہولیات ہیں اور اس وقت 4ہزار کرونا مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ ملک بھر میں کرونا مریضوں کے لئے ایک ہزار 820وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں اور اس وقت 362 کرونا مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ پاکستان میں کرونا سے صحت یاب افراد کی تعداد ایکٹو کیسز سے زائد ہے اور تاحال ایک لاکھ 61 ہزار 917 کرونا متاثرین صحت یاب ہوئے،2151 افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔ پاکستان میں اس وقت کرونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 84 ہزار 442ہے۔ ملک میں کرونا ٹیسٹنگ صلاحیت یومیہ 60 ہزار سے زائد ہوگئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ امید ہے عوام عیدالاضحی پر کرونا سے پچائو کیلئے ایس اوپیز پر عملدرآمد کریں گے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اور طبی عملہ کرونا کیخلاف ہمارے صف اول کے سپاہی ہیں، ہسپتالوں میں حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر پورے عملے کو شاباشی دینا چاہتا ہوں، بلوچستان کے ہسپتالوں میں اضافی بستر فراہم کر رہے ہیں، بلوچستان کے ہسپتالوں میں مزید سہولتیں بھی فراہم کر رہے ہیں، انسداد کرونا کیلئے کم وقت میں بہترین سہولتیں فراہم کیں، ہسپتالوں کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے گزشتہ روز کراچی کے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا اور وہاں این ڈی ایم اے کی جانب سے فراہم کردہ سامان کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کے دورے کے دوران ایک ٹیم بھی ان کے ساتھ تھی ، جس نے تمام ضروری اور اہم معلومات کا ڈیٹا جمع کیا اور باریک بینی سے صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے گزشتہ روزکراچی میں عباسی شہید ہسپتال، قطر ہسپتال اورنگی ٹائون، سندھ گورنمنٹ ہسپتال لیاقت آباد اور کورنگی کا دورہ کیا۔ دریں اثناء پنجاب میں لاک ڈائون میں 15روز کی توسیع کر دی گئی۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کمشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تعلیمی ادارے شادی ہالز‘ ریسٹورنٹس اور سینما گھر بند رہیں گے۔ سماجی و مذہبی اجتماعات‘ کھیل کی سرگرمیوںکی اجازت نہیں ہو گی۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق 30جولائی تک ہوگا۔ آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر کو بھی کورونا ہوگیا۔ ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔’نوائے وقت ‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہیں تین دن قبل ہلکا بخار ہوا تھا۔ شک گزرنے پر انہوں نے مظفر آباد ہسپتال سے ٹیسٹ کروایا توا ن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق خود کو بنی گالہ میں واقع اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔