شریف برادران کیخلاف ایک اور کیس میں تحقیقات، سرتاج عزیز کیخلاف بھی انکوائری منظور
اسلام آباد (نامہ نگار) نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ نے سی ای او میسرز ای آر پی ایل ارشد وحید و دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ بورڈ کے اجلاس میں میاں محمد نواز شریف سابق وزیر اعظم اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی بھی منظوری دی گئی، میاں شہباز شریف، سر تاج عزیز، سابق ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب رانا محمد اقبال خان و دیگر کے خلاف انکوائریز کی بھی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ میاں محمد شہباز شریف ،جاوید محمود سابق سیکرٹری ٹو وزیر اعلیٰ پنجاب، احد خان چیمہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشنز جبکہ دیگر کے خلاف انکوائریز اب تک عدم شواہد کی بنیاد پر قانون کے مطابق بندکرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ منگل کو قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آباد میں ہوا۔ نیب کی یہ دیرینہ پالیسی ہے کہ اجلاس کے بارے میں تفصیلات عوام کو فراہم کی جائیں جو طریقہ گزشتہ کئی سالوں سے رائج ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری مقصود نہیں۔ تمام انکوائریاں اورانویسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوکہ حتمی نہیں۔ نیب قانو ن کے مطابق تمام متعلقہ افراد سے بھی ان کا موقف معلوم کر نے کے بعد مزید کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ اجلاس میں ارشد وحید ،سی ای او میسرز ای آر پی ایل اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے میاں محمد نواز شریف سابق وزیر اعظم اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میںمیاں محمد شہباز شریف، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب، سر تاج عزیز سابق سنیٹر، رانا محمد اقبال خان سابق ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب اور دیگر ،مہر حامد رشیدرکن صوبائی اسمبلی پنجاب،مہر عبد الرئوف،ہیون ویلاز فیصل آباد کے مالکان /ڈویلپرانتظامیہ اور دیگر، عتیق الرحمان ،شیخ اعجاز احمد سابق ایم پی اے اور دیگراور یونیورسٹی آف پنجاب کے پی ایچ ڈی ڈیفالٹنگ سکالرزکے خلاف انکوائریز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں میاں محمد شہباز شریف، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب ،جاوید محمود سابق سیکرٹری ٹو وزیر اعلیٰ پنجاب ،احد خان چیمہ، سابق ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگرکے خلاف انوسٹی گیشنزجبکہ ایف آئی ای ڈی ایم سی انوائرنمنٹ منیجمنٹ کمپنی فیصل آبادکی انتظامیہ/افسران /اہلکاران اور دیگر،پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اور منیجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ/ افسران/ اہلکاران اور دیگر، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی انتظامیہ/ افسران/ اہلکاران اور دیگر، پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کی انتظامیہ/افسران و اہلکاران اور دیگر، گوجرانوالہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ /افسران/اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائریز اب تک عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔ چئیرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور کرپشن فری پاکستان کے لئے نیب سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے اور نیب کی اولین ترجیح میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔نیب نے احتساب سب کیلئے کی پالیسی کے تحت 466 ارب روپے بالواسطہ اور بلا واسطہ طور پر بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے جو ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔