• news

سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے ملک منزل سے دور ہو گیا: عثمان بزدار

لاہور( نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان میںشعبہ ہیلتھ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ نشترہسپتال ٹو کے منصوبے کا دورہ کیا اور ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے نشتر ہسپتال ٹوکے تعمیراتی کام تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نشتر ہسپتال ٹو کا پراجیکٹ جنوبی پنجاب کے عوام کا حق تھا جو دیا جا رہا ہے ۔ پہلے مرحلے میں 500بستروں پر مشتمل ہسپتال بنایا جارہا ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہریوں کوعلاج کی بہترین سہولت میسر ہوگی۔ انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کے مختلف شعبے دیکھے۔ مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مریضوں کی عیادت کی۔ ایک مریضہ کی درخواست پر وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کومسئلہ فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے ترقیاتی منصوبے اپنی نگرانی میں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کراؤں گا۔ ہیلتھ پراجیکٹس کی تکمیل میں تساہل یا کوتاہی برداشت نہیں کروںگا۔ عثمان بزدار سے ارکان قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد اور ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ارکان صوبائی اسمبلی کی طرح قومی اسمبلی کے ارکان بھی میرے ساتھی ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی خرابیوں کو دور کر رہی ہے۔ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے دور ہو گیا۔ ماضی میں قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کرکے ملک و قوم سے ظلم کیاگیا۔ نیا پاکستان عام آدمی کا پاکستان ہے۔ مختصر عرصے میںمختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ ہم نعروں پرنہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات بارآورثابت ہو رہے ہیں۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث وباء کے پھیلاؤ میں کمی ہوئی ہے۔کورونا پر منفی سیاست کرنے والوں کے مذموم عزائم ناکام ہوچکے ہیں۔ اپوزیشن رہنما محض پوائنٹ سکورنگ میں لگے رہے اور متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا چھوڑے رکھا۔ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں وزیراعظم عمران خان کے کرونا سے نمٹنے کے وژن اور اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن