• news

رحمان ملک کا ملازمین کی ریٹائرمنٹ عمر میں کمی کا معاملہ پر توجہ دلائو نوٹس جمع

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چیئرمین سینٹر رحمان ملک نے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں کمی اور ماہانہ پنشن ختم کرنے کے معاملہ پر ایوان بالا میں توجہ دلائو نوٹس جمع کراتے ہوئے حکومت سے جواب مانگ لیا ہے۔ توجہ دلائو نوٹس میں کہا گیاہے کہ حکومت سینیٹ میں واضح کرے کہ کیا سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں کمی و ماہانہ پنشن خاتمہ کرنے جا رہی ہے؟ اور اس طرح کا کوئی منصوبہ زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا اگر حکومت کوئی ایسا قدم اٹھانے جا رہی ہے تو سینیٹ کو تفصیلات دی جائیں۔ توجہ دلاو نوٹس میں سینیٹر رحمان ملک نے وزیرخزانہ سے پنشن و ریٹائرمنٹ کی عمر سے متعلق سینیٹ کو آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ عمر میں کمی و ماہانہ پنشن خاتمے کے فیصلے کی صورت میں سخت مخالفت و احتجاج کرو ں گا۔ اس طرح کا فیصلہ مہنگائی و معاشی مشکلات سے دوچار سرکاری ملازمین کے لئے ایک بم شیل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا حکومت کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اس طرح کے ناپسندیدہ و غریب دشمن فیصلے نہ لے اگر ایساکیا گیا تو اس کے خلاف مہم شروع کرنے والا پہلا شخص میں ہوں گا۔سینٹر رحمان ملک نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔پیپلز پارٹی سرکاری ملازمین کی پنشن روکنے کے لئے کئے جانے والے کسی بھی اقدام کو برداشت نہیں کرے گی۔ سینیٹر رحمان ملک نے سرکاری ملازمین کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی ایسا نہیں ہونے دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن