چہرے بدل گئے ہمارا دشمن نہیں بدلا‘ جدوجہد میں ایک لمحہ تاخیر نہیں کی ‘ طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹائون کیس کے112 اسیران کی ضمانت پر رہائی کے بعد ان سے آن لائن گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے انصاف کی جدوجہد میں ایک لمحہ تاخیر نہیں کی، ہمارے بس میں جنگ لڑنا ہے مگر فیصلہ کرنا کسی اور کے بس میں ہے، میں اپنے عظیم کارکنان سے کہوں گا چہرے بدل گئے ہیں مگر ہمارا دشمن نہیں بدلا، اسی لئے آج بھی مشکلات، رکاوٹوں اور پریشانیوں میں کوئی کمی نہیں آ رہی۔ یہ نظام ہلاکو خان ہے جو پاکستان اور اسکے غریب عوام کو ہلاک کرتا چلا جا رہا ہے۔ یہ نظام غریب کا دشمن ہے، ایمانداری کا دشمن ہے، کردار اور دیانتداری کا دشمن ہے۔ اس نظام کی وجہ سے کمزور کو جلدی انصاف نہیں ملتا ہم نے پاکستان کے چوٹی کے وکلاء کے ذریعے انصاف کی جدوجہد کی۔