لاہور، کراچی سمیت کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ ، ایم کیو ایم کا پارلیمنٹ ہائوس کے باہر دھرنا
لاہور‘ کراچی (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ‘ آن لائن) لاہور سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہری سخت پریشان ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اتنے زیادہ بل دینے کے باوجود گرمی میں بجلی کی فراہمی کا تسلسل برقرار نہیں رکھا جا رہا۔ بجلی کی بار بار بندش نے صنعت کاروں، دکانداروں اور تاجروں کو بھی پریشان کر دیا ہے جن کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی کی مسلسل فراہمی کا کوئی مستقل حل نکالے، کاروبار متاثر ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب اور رسد میں فرق نہیں اس لیے کسی بھی جگہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ بعض جگہ فالٹ پیدا ہو جائے تو اسے فوری طور پر درست کر دیا جاتا ہے۔ فیصل آباد ستیانہ روڈ گلبہار کالونی اور گردونواح میں بجلی کی بندش شدید گرمی اور حبس کے باعث اہل علاقہ نے رات جاگ کر گزاری۔ جب اہل علاقہ فیسکو دفتر پہنچے تو ووہاں سے نائٹ شفٹ پر کام کرنیوالا فیسکو کا عملہ بھی موجود نہ تھا۔ دریں اثناء کراچی کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہی۔ شہر قائد میں کے الیکٹرک کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ فنی خرابی پر کے الیکٹرک نے بن قاسم پاور پلانٹ کا ایک یونٹ بند کر دیا جس سے 130 میگا واٹ بجلی کی پیداوار رک گئی جبکہ شہر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافے کا اعلان کر دیا گیا۔ بجلی کا شارٹ فال پورا کرنے کے لیے کراچی کے کئی علاقوں میں پہلے ہی 6 سے 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ایم کیو ایم نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا اور دھرنا دیا وفاقی وزراء عمر ایوب اور اسد عمر میئر کراچی اور متحدہ اراکین پارلیمنٹ نے بھی دھرنے میں شرکت کی۔ ایم کیو ایم کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا ختم کرکے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایوب اور اسد عمر کی آمد پر شکرگزار ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ ایم کیو ایم مختلف اتحاد کا حصہ بن سکیں کراچی میں کوئی کام نہیں ہوا پرویز مشرف کے دور میں کراچی میں بہتری کیلئے کام ہوا حکومت کی ذمے داری پورے ملک کی ہے لیکن کراچی کا خاص مقام ہے۔ کے الیکٹرک کی جتنی مدد ہو سکے گی کریں گے۔ آئندہ بلدیاتی الیکشن آئین کی روح کے مطابق ہوگا۔ اگلے سال کی گرمیوں سے قبل کراچی میں 550 میگا واٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔