سیالکوٹ: ہیروئن کا سگریٹ پلا کر 5 سالہ بچی تشدد سے قتل
سیالکوٹ (نامہ نگار) تھانہ بڈیانہ کے گاؤں بٹر ڈوگراں میں دو نشئیوں نے پانچ سالہ بچی کو زبردستی ہیروئن والا سگریٹ پلا کر بے ہوشی کی حالت میں تشدد کرکے قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ محمد قیصر کی پانچ سالہ بیٹی نور فاطمہ گلی میں کھیل رہی تھی۔ ہیروئن کا نشہ کرنے والے احتشام عرف مانی اور فیاض اسے زبردستی اٹھا کر اپنے گھر کے عقبی کمرے میں لے گئے جہاں ملزمان نے بچی کو ہیروئن والا سگریٹ زبردستی پلایا اور تشدد کرکے بے ہوش کر دیا۔ محمد قیصر کا کہنا ہے کہ وہ بچی کو بے ہوشی کی حالت میں ڈاکٹر کے پاس لے کر گئے جس پر ڈاکٹر نے انہیں بتایا بچی کو نشہ آور چیز دی گئی ہے جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہو گئی۔ بعدازاں بچی بے ہوشی کی حالت میں دم توڑ گئی۔ پولیس نے محمد قیصر کی رپورٹ پر احتشام عرف مانی اور فیاض کے خلاف اغواء اور قتل کا مقدمہ درج کرکے دونوں کو گرفتار کر لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیالکوٹ کے نواحی گاؤں بٹر ڈوگراں میں بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پولیس نے فوری ایکشن کرتے ہوئے بچی کے قتل کے واقعہ میں ملوث ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔