• news

آرمینیا کا حملہ قابل مذمت‘ آذربائیجان کی خود مختاری کے حامی ہیں: پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نیٹ نیوز) پاکستان نے آذربائیجان کے ضلع تووز میں آرمینیا کی فوج کی طرف سے حملے کی سخت مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں آذربائیجان کے متعدد شہری ہلاک ہوئے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ نگورنوکاراباخ تنازعے کے بارے میں پاکستان کا موقف اصولوں پر مبنی ہے اور ہم جمہوریہ آذربائیجان کی خود مختاری اور علاقائی یکجہتی کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ نگورنوکاراباخ کا حل طلب تنازعہ علاقائی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے جس کے دورس نتائج مرتب ہوں گے۔ ترجمان نے کہاکہ آرمینیا کی حالیہ اشتعال انگیز کارروائی عالمی برادری کوگمراہ کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق نگورنوکاراباخ کے تنازعہ کے پرامن حل کیلئے جاری مذاکرات کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا مظہر ہے۔ یاد رہے آذربائیجان نے ایک جنرل‘ کرنل اور پانچ فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ دوسری جانب آذر بائیجان کا دعویٰ ہے آرمینیائی فوج کے کم از کم ایک سو اہلکار مارے جا چکے ہیں۔ رورس نے دونوں وسطی ایشیائی ممالک میں کشیدگی کم کرنے کیلئے زور دیا ہے۔ دونوں سابق سویت یونین کے ریاستوں کے مابین علاقائی تنازعہ جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن