پنجاب اسمبلی میں اجلاس:مسلم لیگ ن آج ملازمین کی جبری ریٹائرمنٹ ،مہنگائی کیخلاف احتجاج کرے گی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 2 بجے شروع ہوگا، اجلاس کی صدارت سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کریں گے۔ سپیکر نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازشریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کردئیے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا شیڈول جاری کردیا گیا،اجلاس 29جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔اجلاس میں حکومت4 بلز اور تین آرڈیننس پیش کرے گی۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے پر محکمہ ہاوسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے متعلق سوالات دریافت کیے جائیں گے۔اجلاس میں پنجاب انفیکشن ڈیزیز بل 2020۔ پنجاب پرائیوٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ ترمیمی بل 2020۔راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈنینس 2020۔پنجاب ان ڈیزائریبل کوآپریٹو سوسائٹی ترمیمی آرڈیننس 2020 اور کوآپریٹو سوسائٹیز ترمیمی آرڈیننس 2020 ایوان میں پیش کیا جائے گا۔دریں اثناء مسلم لیگ(ن) نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کیلئے حکمت عملی طے کرلی ہے، سرکاری ملازمین کی جبری ریٹائرمنٹ اورمہنگائی کیخلاف احتجاج کیاجائیگا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ارکان آج سپیکر پرویز الٰہی سے بھی ملاقات کرینگے،ملاقات میں سٹینڈنگ کمیٹیوں سے استعفے ابھی تک منظور نہ کرنے کے حوالے سے گفتگو ہو گی۔