• news

ینگ ڈاکٹرز کے وزارت صحت حکام سے مذاکرات، احتجاج پیر تک موخر

اسلام آباد(قاضی بلال)پاکستان انسٹیٹویٹ آف میڈیکل سائنسز پمزکے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وزارت قومی صحت کے حکام سے مذاکرات کے بعد احتجاج کو پیر تک کیلئے موخر کر دیا گیا ہے ۔ڈاکٹرز کے وفد نے جوائنٹ سیکرٹری سے مذاکرات کئے جس میں جوائنٹ سیکرٹری نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی تنخواہوں میں اضافہ اور رسک الائونس کے حوالے سے سمری جلد وزارت خزانہ کو بھیجی جائے گی تب تک آپ اپنا احتجاج موخر کر دیں گے ۔ ڈاکٹرز کی جانب سے مطالبات پیش کئے گئے کہ وہ ان کے تنخواہیں بڑھائی جائیں اس کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے دوران اضافی چار تنخواہیں جو ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کو دینا تھی وہ فوری طور پر جاری کی گئیں ۔ ینگ ڈاکٹرز کے وفد نے وضح کیا کہ وفاقی وزارت قومی صحت فوری طور پر اسلام آباد کے تمام ہسپتالوں میں میرٹ پر اہل ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کو تعینات کرے اور نااہل لوگوں کو ہٹایا جائے تو مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں ۔صدر وائے ڈی اے ڈاکٹر فضل ربی کی قیادت میں ڈاکٹرز کے وفد کی جوائنٹ سیکرٹری ہیلتھ اسداللہ فیض سے ملاقات کی تھی ۔جوائنٹ سیکرٹری ہیلتھ کی جانب سے کورونا رسک الانس میں بے ضابطگیوں کا نوٹس اور اس حوالے سے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔جوائنٹ سیکرٹری ہیلتھ کی جانب سے رسک الانس کے لیے پمز اور پولی کلینک کی فہرستیں طلب کرلی گئیں۔ملاقات میں ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے مختص 784 ملین کی ادائیگی پر تبادلہ خیال کیا گیا جوائنٹ سیکرٹری ہیلتھ کی جانب سے ڈاکٹرز کے مسائل جلد ہی حل کرنے کی یقین دہانی ڈاکٹرز کے مسائل کے حوالے سے آئندہ سوموار کو فالو اپ ملاقات کی جائے گی ۔وائے ڈی اے کی جانب سے وفاقی ہسپتالوں کے سربراہان کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا گیا۔ڈاکٹرز کے حقوق کی خاطر جس فورم پر بھی جانا پڑا جائیں گے۔ صدر وائے ڈی اے نے کہاکہ ڈاکٹر کمیونٹی کو کورونا وبا کے باوجود رسک الانس نہ ملنا افسوسناک ہے,تنخواہوں میں اضافے کے لیے حکومتی وعدوں پر عمل کرنے کا وقت آگیا۔ مذاکراتی وفد میں نائب صدر ڈاکٹر فیض اچکزئی, چئیرمین وائے ڈی اے ڈاکٹر حیدر عباسی, ایگزیکٹو کونسل ممبر ڈاکٹر طیب شامل تھے ۔وفد میں چئیرمین وائے ڈی اے پولی کلینک ڈاکٹر عزیز اور صدر پولی کلینک ڈاکٹر شیر عالم بھی موجودتھے ۔

ای پیپر-دی نیشن