ایف آئی اے نے کراچی سے’’را‘‘ کے سلیپر سیل کا اہم رکن گرفتار کر لیا
کراچی(نیٹ نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسداد دہشتگردی ونگ نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپر سیل کا اہم رکن گرفتار کر لیا۔ جو بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ گرفتار ملزم نے بھارت میں14 ماہ دہشت گردی کی ٹریننگ لی۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم ظفر کو دہلی میں محمود صدیقی گروپ نے عسکری تربیت دلوائی۔ ملزم ظفر کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے۔ گرفتار ملزم بم بنانے اور جدید ہتھیار چلانے کا ماہر ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم ظفر فائر بریگیڈ میں سرکاری ملازمت بھی کرتا تھا۔ را سلیپر سیل کو فنڈز فراہم کرنے والے منی ایکسچینج کمپنی کے دو ملزمان بھی گرفتار کر لیے گئے۔ ملزم صفیان منی ایکسچینج کمپنی کا ڈائریکٹر اور جاوید میمن منیجر ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو سوک سینٹر، لیاقت آباد اور خالد بن ولید روڈ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔