• news

کرونا: وی سی نشتر میڈیکل یونیورسٹی، آرتھو سرجن سمیت مزید 51 اموات

اسلام آباد، گجرات، کراچی، ملتان( وقائع نگار خصوصی+ جنرل رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال میں کچھ حد تک بہتری دیکھی جارہی ہے۔ ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 57 ہزار 125 ہوچکی ہے جبکہ 5 ہزار 417 افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔ کروناکے 2069 نئے کیسز، 51 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 2 ہزار 154 افراد شفایاب ہوگئے۔ خیال رہے ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں گزشتہ کچھ روز سے کمی دیکھی گئی ہے جس کی ایک وجہ ٹیسٹنگ کی تعداد میں کمی کا ہونا بھی ہے۔ صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 1140 کیسز اور 25 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مجموعی کیسز ایک لاکھ 8 ہزار 913 تک پہنچ گئی۔ اموات ایک ہزار 888 تک ہوگئی۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 553 کیسز اور 17 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔ مجموعی کیسز 88 ہزار 45 تک پہنچ گئے۔ مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 43 تک جا پہنچی۔خیبرپی کے میں کرونا وائرس کے مزید 216 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں اورکیسز 31 ہزار 217 ہوگئی ہے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6 اموات ہوئیں، ہلاکتوں کی تعدا بڑھ کر ایک ہزار 120 تک پہنچ گئی ہے۔ اسلام آباد میں مزید 113 افراد وائرس سے متاثر۔ مجموعی کیسز کی تعداد 14 ہزار 315 ہوگئی۔ کرونا وائرس سے گلگت بلتستان میں مزید 14 افراد متاثر ہوئے جبکہ 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 708 تک پہنچ گئی۔ مجموعی اموات 38 تک جاپہنچیں۔ آزاد کشمیر میں مزید 33 افراد میں وائرس کی تشخیص جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔ مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 688 ہوگئی۔مجموعی اموات کی تعداد 46 ہوگئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 154 مریض ایسے تھے جو مکمل صحتیاب ہوگئے۔ مجموعی طور پر شفایاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار 810 تک ہوگئی۔ ایم این اے چوہدری حسین الٰہی کی کرونا رپورٹ مثبت‘ خود کو قرنطینہ کر لیا۔ مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما وایم این اے چوہدری حسین الٰہی کی کرونا رپورٹ بھی گزشتہ روز مثبت آگئی جس پر وہ قرنطینہ میں چلے گئے۔ یونیورسٹی آف گجرات کے کیمپس مرغزار کالج کی پرنسپل پروفیسر فرحت محبوب گزشتہ روز کرونا وباء سے لڑتے ہوئے لاہور کے مقامی ہسپتال میں انتقال کر گئیں مرحومہ کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں قبرستان نند پور جلالپور جٹاں سپرد خا ک کر دیا گیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صحت کے کارکنان دلجمعی کیساتھ مثالی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور نئے کیسز کی تعداد میں کمی کا سہرا فرض شناس ہیلتھ ورکرز کے سر بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹویٹر پر ہیلتھ کئیر ورکرز کا قوم کے نام ویڈیو پیغام شئیر کرتے ہوئے کیا۔ وزیر صحت نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کئیر ورکرز کا عزم و ہمت کرونا سے نمٹنے میں مدد فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کئیر ورکرز کی حفاظت کیلئے پاکستان کے اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے اور یہ بات قابل ذکر ہے کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے ہیلتھ کئیر ورکرز کی حفاظت کو اولین ترجیح دی۔ وزیر صحت نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اپنے پیاروں کیساتھ ساتھ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہری مویشی منڈیوں کے حوالے سے جاری کی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور عید کے روز بھی عید گاہوں میں ماسک کا استعمال اور آپس میں چھ فٹ کا فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کرونا کے پھیلائو کو روکا جاسکے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ عوام کی مدد اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرونا کی پسپائی پر منتج ہوگا۔ راولپنڈی شہر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ کے روز شہر بھر میں کرونا وائرس سے چھ افرادجان کی بازی ہار گئے ہیں، جبکہ وائرس سے 95 صحتیاب ہوئے اور 30مزید مریضوں کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے 4 مریضوں کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے جبکہ 2مریضوں کا تعلق دوسرے اضلاع سے ہے لیکن ان کا علاج راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی (آر آئی یو) میں جاری تھا۔ شہر میں مزید چار مریضوں کی ہلاکت کے راولپنڈی میں میں ان کی تعداد 271 ہوگئی ہے۔ دریں اثنا وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بینظیر بھٹو ہسپتال (بی بی ایچ) کا دورہ کیا تاکہ انتظامیہ، ڈاکٹروں، نرسوں، پیرامیڈکس اور معاون عملے کو کووڈ 19 کے وبائی امراض کے دوران کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا جائے۔ ملتان کی نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کرونا وائرس سے دم توڑ گئے۔ مصطفیٰ کمال پاشا گزشتہ 13 روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کے پھیپھڑوں نے کام چھوڑ دیا تھا‘ جس کے باعث وہ دم توڑ گئے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وی سی پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینئر آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر یونس ایچ سومرو کرونا کے باعث انتقال کر گئے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر یونس کی نمازجنازہ مبارک مسجد میں ادا کی گئی۔ دریں اثنا چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ سمارٹ لاک ڈائون کے اچھے نتائج آنا شروع ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کرونا کے حوالے سے صورتحال بہتری کی جانب جا رہی ہے۔ عید پر کرونا سے بچائو کیلئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔ دنیا میں کرونا مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 34لاکھ57 ہزار سے بڑھ گئی اورہلاکتیں 5لاکھ 81ہزار 221 ہوگئیں ۔ 69 لاکھ 47 ہزار سے زائد مریض کرونا کو شکست دے کر صحتیاب ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں 35 لاکھ 45 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں اور1 لاکھ 39 ہزار 143 ہلاک ہوگئے۔ بھارت میں کرونا کے نو لاکھ سنتیس ہزار چارسو ستاسی مریض ہیں اور چوبیس ہزار تین سو پندرہ ہلاک ہو چکے ہیں۔ روس میں گیارہ ہزار چھ سو چودہ اموات ہو چکی ہیں اور سات لاکھ انتالیس ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔ سپین میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہزارچار سوسے تجاوز کر گئی جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد تین لاکھ3 ہزار سے زائد ہے۔ میکسیکو میں تین لاکھ 11ہزار486 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے اور 35 ہزارسے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ برطانیہ میں کرونا سے اموات کی تعداد 44 ہزار968ہوگئی ہے جبکہ 2لاکھ 91ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہیں۔جنوبی افریقہ میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 343ہوگئی ہے جبکہ دو لاکھ 98 ہزار292افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ ایران میں دو لاکھ 62ہزار سے زائد افراد ائرس سے متاثر ہیں اور13ہزار211جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن