• news

پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو حق لوٹائیں گے: عثمان بزدار

لاہور ( نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تونسہ شریف اور پنجاب کے آخری سرحدی مقام کھرڑبزدار کا دورہ کیا۔ سوکڑ میں تونسہ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار اطہر خان ملغانی مرحوم کی رہائشگاہ پر گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزراء نے ہدایت کی کہ عوامی سہولت کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ تونسہ میں کھیل کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کرکٹ سٹیڈیم بنایا جا رہاہے۔ تحصیل سپورٹس کمپلیکس شاہ سلیمان سٹیڈیم رواں برس مکمل کیاجائے گا۔ پسماندہ علاقوں کے لوگوں کا حق ہے، انہیں یہ حق لوٹائیںگے۔ ماضی میں پسماندہ علاقوں کو نظر انداز کیاگیا۔ آج دور افتادہ علاقوں کوترقی کے سفر میں شریک کیا گیا ہے۔کھرڑ بزدار میں وزیر اعلیٰ کی آمد پر قبائلیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ وزیراعلیٰ نے ’’ مقدمین جرگہ‘‘اور عمائدین سے ملاقاتیں کیں، جس میں عوامی مسائل اور ان کے حل کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی نے بلوچی زبان میں سلام و دعا کی اور قبائلیوں سے حال احوال پوچھا۔ عثمان بزدار نے حکومت پنجاب کی طرف سے قائداعظم ریزیڈنسی کیلئے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم ریزیڈنسی پاکستان کا اثاثہ ہے، دل و جان سے حفاظت کریں گے، قائد اعظم کا احسان ہم تا قیامت نہیں اتار سکتے، پاکستان کے مسائل کا حل قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات میں مضمر ہے، حکومت بلوچستان کے تعاون سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کے مسائل حل کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع زیارت کے دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین اور شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے گوادر اور زیارت میں پنجاب ہائوس تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا پہلی دفعہ ہے کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کو پنجاب سے بھی زیادہ حصہ دیا ہے یعنی پنجاب کو تمام صوبوں سے کم حصہ ملا ہے یہ پہلی دفعہ تبدیلی ہوئی کہ ہم لوگوں نے پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی ہے۔ زیارت کیلئے منظور شدہ پیکج میں ڈیڑھ ارب پہلے سے ہی رکھیں ہیں۔ ہمارے دروازے بلوچستان والوں کیلئے ہمیشہ کھلیں رہے گے۔ عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے راوی ٹائون میں پولیو کے باعث بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ سردار عثمان بزدار زیارت کے دورے کے بعد کوئٹہ پہنچے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صوبائی وزراء کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب کا خیر مقدم کیا۔ عثمان بزدار اور جام کمال خان نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے پنجگور کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے سکیورٹی جوانوں کی عیادت کی اور زخمی سکیورٹی جوانوں کی خیریت دریافت کی -عثمان بزدار او ر جام کمال خان نے زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاکی- عثمان بزدار نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں - پاکستانی قوم دہشت گردوںکے مکمل خاتمے کے لئے متحد ہے۔ آپ پاکستان کے بہادر سپوت ہیں اور ہمیں اپنی دلیر سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں پر ناز ہے-

ای پیپر-دی نیشن