عمران دیامر بھاشا ڈیم منصوبہ میں دو سال تاخیر پر معافی مانگیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نوازشریف کے قومی منصوبوں میں تاخیر پر وزیراعظم عمران خان سے قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ عمران صاحب آج قوم سے معذرت کرتے کہ سیاسی انتقام اور نااہلی سے دیامیر بھاشا ڈیم منصوبہ دو سال تاخیر کا شکار کیا۔ دیا میر بھاشا ڈیم سائٹ وزٹ کے موقع پر چلاس میں وزیراعظم کے خطاب پر اپنے ردعمل میں ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کے ملک و قوم کی ترقی کے اہم منصوبوں کو تاخیر کا شکار بنانے کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے دیامیر بھاشا ڈیم منصوبے کو عملی شکل دی۔ انہوں نے کہاکہ دو سال تاخیر کرنے کے بعد عادی منصوبہ چور تحریک انصاف حکومت دیامیر بھاشا ڈیم کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف نے 2018ء کے آخر تک منصوبے پر عملی کام شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ہر منصوبے پر محمد نواز شریف کا نام لکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ محض گالیاں دینے اور الزام لگانے والوں کو کیا معلوم ملکی ترقی اور تعمیر کے ان منصوبوں پر نواز شریف نے کتنی محنت کی۔