• news

کرونا کیخلا ف لڑنے والے ہیلتھ ورکز کو سلام پیش کرتا ہوں:لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل

لاہور (نیوزرپورٹر) چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور ملحقہ ہسپتالوں کا دورہ کیا‘دورے کا مقصد کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں کوویڈ 19 بارے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ان کے ہمراہ برگیڈیر عاصم سلیمان، کرنل کامران عزیز اور دیگر شامل تھے۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے یونیورسٹی کی کوویڈ 19 بارے خدمات اور اس سے منسلک ہسپتالوں کی کارکردگی پر بریفنگ دی اس موقع پر یونیورسٹی کی جانب سے ڈینز اور ملحقہ ہسپتالوں سے ایم ایسز نے شرکت کی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ میں اپنے ہیلتھ کئیر ورکرز ، مجاہدین، غازیوں اور شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس جنگ کو روکنے میں سب سے اہم کردار ادا کیا۔میں چالیس سالوں سیپاک فوج سے منسلک ہوں اور میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ عوام الناس کی سب سے زیادہ ویلفیئر صحت اور تعلیم کے فروغ میں ہے۔چیئرمین این ڈی ایم نے وائس چانسلر سمیت تمام ایم ایسز کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ میڈیکل پروفیشنلز کوویڈ 19 میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کوویڈ 19 کے خلاف جنگ میں حکومت پاکستان اور این ڈی ایم اے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور تمام تر حفاظتی سامان مہیا کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے تدارک میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی خدمات قابل قدر ہیں اور میں وزیر اعظم پاکستان، حکومت پاکستان اور این ڈی ایم اے کی طرف سے وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔اس موقع پر انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں قائم شعبہ ٹیلی میڈیسن کا بھی دورہ کیا وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے بتایا کہ کورونا وبا کے پیش نظر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ہدایت پر ائم شعبہ ٹیلی میڈیسن سے لوگوں کو گھر بیٹھے ٹیلی فون، واٹس ایپ اور سکائپ کے ذریعے 24/7 مفت طبی مشورے دئیے جا رہے ہیں جس سے ہسپتالوں کے آوٹ دور میں مریضوں کے رش میں کمی آئی ہے۔لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے کنگ میڈیکل یونیورسٹی میں پودا بھی لگایا۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے تمام فیکلٹی کی جانب سے چئرمین این ڈی ایم اے کا یونیورسٹی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن