پاکستانی سفیر کی ترک پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین سے ملاقات
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) ترکی میں پاکستان کے سفیر سائیریس سجاد قاضی نے گزشتہ روز ترکی کی گرینڈ پارلیمنٹ میں ترکی کی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق سے ملاقات کی۔ انقرہ میں پاکستانی سفارت خانہ کے مطابق پاکستانی سفیر نے کمیٹی کے چیئرمین حاکم کودلگولین اور ترکی پارلیمنٹ میں پاک ترک فرینڈ شپ گروپ کے چیئرمین علی شاہین سے ملاقات کی۔ پاکستانی سفیر نے ترکی کی پارلیمنٹ کے اہم عہداروں کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج سنگین انسانی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال بد سے برتر ہو رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں بلکہ بھارت نے یکطرفہ طور پر مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کر دیا ہے اور اب مقبوضہ علاقے میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں ‘ اقوام متحدہ اور او آئی سی کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔