آکاش علی کی جنس سے متعلق تفصیلی میڈیکل ٹیسٹ کروانے کا حکم
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے ٹیکسلا میں دو لڑکیوں کی مبینہ شادی کے خلاف دائر رٹ پٹیشن پر بدھ کے روز ابتدائی سماعت کے بعد میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال راولپنڈی کو چار رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور آکاش علی عرف عاصمہ بی بی کی جنس سے متعلق تفصیلی میڈیکل ٹیسٹ کروانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت عالیہ نے جوڑے کی جانب سے تحفظ دینے کی درخواست منظورکرلی اور پولیس کو حکم دیا کہ وہ جوڑے کو تحفظ فراہم کرے۔ عدالت عالیہ نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو یہ بھی حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر جنس کی تشخیص کا تفصیلی ٹیسٹ کرواکر رپورٹ پیش کریں۔ سماعت کے موقع پر عاصمہ بی بی آکاش علی اور نیہا علی عدالت عالیہ کے روبرو پیش ہوئیں۔