کرونا: مزید 48 جاں بحق، مثبت کیسز میں 60 فیصد کمی
اسلام آباد+بیجنگ (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نمائندہ+ شہنوا) پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد کم ہورہی ہے۔ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار401 ہوچکی ہے جبکہ اموات 5 ہزار 465 تک پہنچ گئی ہیں تاہم ان کیسز میں سے ایک لاکھ 78 ہزار 737 لوگ صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔ ملک میں کرونا وائرس کے 2193 نئے کیسز اور 48 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی مزید 5 ہزار 927 کا اضافہ ہوا۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 1155 نئے کیسز اور 34 اموات کا اضافہ سامنے آیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1155 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی، جس سے مجموعی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار 68 ہوگئی۔ مجموعی اموات کی تعداد 1922 تک پہنچ گئی۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 494 نئے کیسز اور8 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا۔ مجموعی کیسز کی تعداد 88 ہزار 539 تک پہنچ گئی۔ پنجاب میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 51 ہوگئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس نے مزید 87 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد جان سے گیا۔ اسلام آباد میں مجموعی کیسز کی تعداد 14 ہزار 402 تک پہنچ گئی۔ اموات کی تعداد 156 ہوگئی۔خیبر پختونخوا نے کورونا کے 269 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 486 ہوگئی۔ خیبر پی کے میں سب سے کم 4 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد 1124 ہوگئی ہے۔ بلوچستان میں ایک مریض جاں بحق ہو گیا، آزاد کشمیر میں تعداد میں اضافہ دیکھا گیا اور وہاں کیسز گلگت بلتستان سے زیادہ ہوگئے۔ آزاد کشمیر میں 83 مزید کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1771 تک پہنچ گئی۔ گلگت بلتستان ملک کا سب سے کم متاثر علاقہ بن گیا۔ 24 گھنٹوں میں وہاں 42 نئے کیسز آئے جس سے مجموعی تعداد 1750 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 5 ہزار 927 افراد ایسے تھے جنہوں نے کرونا وائرس سے شفا حاصل کرلی اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 78 ہزار 737 تک پہنچ گئی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ کرونا کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے۔ وسط جون میں مثبت کیسز کا تناسب 22فیصد سے زیادہ تھا،گزشتہ روز 24ہزار 262افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2145مثبت آئے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت کیسز میں 60فیصد کمی آئی ہے۔ اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ جون 1 سے 15 اوسط ٹیسٹ ،403 23 اور جولائی 1 سے 15 اوسط ٹیسٹ ،969 22 تھے۔ انہوں نے کہاکہ جون 1 سے 15 اوسط کرونا کیس،056 5 اور جولائی 1 سے 15 اوسط کیس،0973 تک آ گئے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں میں کمی عوام کے بہتر رویہ اور انتظامی اقدامات کا نتیجہ ہے ، ٹیسٹ میں کمی کی وجہ سے نہیں۔ جبکہ صحت کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ صحت کارکن مثالی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ملک میں ان کے نصب العین کے عزم کی وجہ سے کرونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی آ رہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ طبی عملے کے کارکنوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ وہ کرونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کے زیر صدارت اجلاس میں کرونا وائرس سے متعلق غلط انفارمیشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی میں کل 9 ارکان شامل ہیں جس کی صدارت وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کریں گے۔ دیگر اراکین میں ڈاکٹر فیصل سلطان، وزارت داخلہ، وزارت صحت، آئی ایس پی آر، ایف آئی اے، پی ٹی اے، پیمرا اور این سی او سی کا نمائندہ کمیٹی کا حصہ ہوگا۔ کمیٹی لائحہ عمل کے مطابق غلط انفارمیشن کے پھیلاؤ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ اس سلسلے میں کمیٹی کا پہلا اجلاس وزارت داخلہ میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ غلط اور غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اعجاز شاہ نے ڈائریکٹر سائبر کرائم ونگ ایف آئی اے کو باقاعدہ ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مانیٹرنگ اور ایکشن کو بروقت بنائیں اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی فیک نیوز اور غلط انفارمیشن پھیلانے والے ملک اور عوام دوست نہیں ہیں۔ غلط اور غیر تصدیق شدہ خبروں کا پھیلاؤ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ذمہ داروں کا پتا لگائیں گے۔انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی چیف کرسٹالینا جورجیوا نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث عالمی معیشت کچھ بہتری کے باوجود ابھی بھی مشکلات کا شکار ہے۔ واشنگٹن سے جاری کیے گئے ایک بیان میں آئی ایم ایف کی چیف نے تنبیہہ کی ہے کہ کرونا وائرس کی دوسری بڑی عالمی لہر مزید رکاوٹوں کا باعث بن سکتی ہے۔ ممالک عام افراد اور ورکرز کے لیے معاشی سپورٹ پروگرام جاری رکھیں۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈکی چیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرونا وائرس وبا سے غربت اور عدم مساوات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 36 لاکھ 96 ہزار 738 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 5 لاکھ87ہزار ہو گئیں۔کرونا وائرس کے دنیا بھر میں 49 لاکھ 54 ہزار 292 مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 59 ہزار 634 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 81 لاکھ 55 ہزار 561 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکہ میں کرونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 40 ہزار 140 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 36 لاکھ 16 ہزار 747 ہو چکی ہے۔ برازیل وائرس 75 ہزار523زندگیاں نگل چکا ہے مریضوں کی تعداد 19 لاکھ 70 ہزار 909 تک جا پہنچی ہے۔ بھارت کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، جہاں کرونا سے 24 ہزار 929 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 70 ہزار 169 ہو گئی۔ برطانیہ میں کرونا سے اموات کی تعداد 45 ہزار 53 ہوگئی جبکہ کرونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 91 ہزار 911 ہو چکی ہے۔ ایران میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 13 ہزار 410 ہو گئی جبکہ کرونا کے کل کیسز 2 لاکھ 64 ہزار 561 ہو گئے۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے اب تک کل اموات 2 ہزار 325 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں اس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار 474 تک جا پہنچی ہے۔ چین میں کرونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 612 ہو چکی ہے اور اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔ ریڈ کراس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جنوبی ایشیا کرونا کا گڑھ بن سکتا ہے۔ برازیل کے محققین نے ملک بھر میں پھیلنے والی بیماری کوویڈ19-کا سبب بنے والے وائرس سارس۔ کوو۔2 کے 6 نسبوں کا پتہ چلایا ہے، یہ بات برازیل میں امراض کے ایک اہم تحقیقاتی مرکز نے کہی۔ اوسوالڈو کروز فائونڈیشن نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر بتایا کہ محققین نے ایک وسیع جینیاتی مطالعہ کیا جس میں برازیل کے تمام خطوں کے مریضوں کے تقریبا 100 نمونے شامل تھے جنہیں 29 فروری سے 28 اپریل کے درمیان جمع کیا گیا تھا۔ بھارتی شہر ممبئی کی بلدیہ کے ایک ہسپتال میں زیر علاج نوول کرونا وائرس کے ایک 100 سالہ مریض کو صحت ہونے کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ یکم جولائی کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ممبئی کے مضافات سے ملحقہ شہر تھانے کا 103 سالہ سکھا سنگھ چھابرا وائرس سے صحت یاب ہونیوالا بھارت کا سب سے معمر شخص ہے۔ چین کی معیشت میں ریکارڈ کمی کے بعد دوسری سہہ ماہی میں 3.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دنیا کی دوسری بڑی معیشت کو اس سال کے پہلے تین مہینوں میں کرونا وائرس کی وجہ سے شدید تنزلی کا سامنا تھا۔ لیکن بدھ کے روز جاری ہونے والے اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اپریل سے جون کے مہینوں کے دوران چین کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں بہتری آئی ہے۔ کووڈ 19 کے آغاز کے بعد سے چین دنیا کا پہلا ملک بن گیا جہاں معاشی شرح نمو حالیہ سہ ماہی میں غیر متوقع طور پر 3.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔