• news

ہم ایک، نفرتیں پھیلانے والے ناکام رہیں گے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بلوچستان کے دورے کے دوران انتہائی مصروف دن گزارا۔ وزیراعلیٰ نے کوئٹہ میں تحریک انصاف کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں گورنر ہائوس میں گورنر امان اللہ خان یاسین زئی سے ملاقات کی۔ پشین اور لورالائی کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی پشین کے دورے کے دوران عثمان بزدار کے ساتھ تھے۔ عثمان بزدار نے پشین میں قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔ قبائل عمائدین سے خطاب کے دوران بلوچستان کے عوام کیلئے بڑا اعلان کیا۔ عثمان بزدار نے پنجاب حکومت کی جانب سے تربت میں 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سنٹر کے قیام کا اعلان کیا اور دونوں منصوبوں کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کو ایک ارب روپے کا چیک دیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ تربت کا ہسپتال اور تفتان کا کمیونٹی سینٹر صوبائی ہم آہنگی اور باہمی محبت کا نشان بنے گا۔ ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے‘ نفرتیں پھیلانے والے ناکام رہیں گے۔ ہم خالی نعرے نہیں لگاتے بلکہ عملی طور پر کام کرکے دکھاتے ہیں۔ بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے بلوچستان آکر کبھی اجنبیت کا احساس نہیں ہوتا۔ آئندہ بھی بلوچستان آؤں گا۔ تربت میں ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سنٹر کے منصوبے پنجاب کے عوام کی طرف سے بلوچ بہن بھائیوں کیلئے تحفہ ہیں۔ حکمت پنجاب بلوچستان کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے متعدد پراجیکٹ لا رہی ہے۔ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔ عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ قومی یکجہتی اور یگانگت کو فروغ دینے کیلئے ایسے دورے بے حد ضروری ہیں۔ بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے وزیراعلیٰ جام کمال کی خدمات قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے تربت ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سینٹر کیلئے فنڈز فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ عثمان بزدار سے تحریک انصاف کے رہنماؤں ظہور آغا اور سردار خادم وردگ کی قیادت میں پارٹی عہدیداروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی و پارٹی امور سیاسی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پارٹی عہدیداروں کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کسی انتشار یا افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ یہ وقت ملکر پاکستان کو آگے لیکر جانے کا ہے۔ منفی سیاست کرنے والے عناصر کا کوئی مستقبل نہیں۔ گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ عثمان بزدار بلوچستان اور پنجاب کے عوام کو قریب لانے کیلئے قابل تحسین کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کوئٹہ اور پشین کے بعد لورالائی پہنچے۔ بلوچستان کے صوبائی وزراء اور عمائدین نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے قبائلی عمائدین، معززین اور لورالائی میں مقیم پنجاب کے شہریوں نے ملاقاتیںکیں۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کے شہریوں کو حکومت بلوچستان کے تعاون سے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ای پیپر-دی نیشن