اطالوی سفیر کی ملاقات، کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کرینگے: آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹلی کو کرونا وائرس سے پھیلنے والی بیماریـ’’ کووڈ۔"19 کی وبا سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں متعین اطالوی سفیر آندریس فریریس نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطہ میں سلامتی کے معاملات اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ مہمان سفیر نے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی جبکہ پاکستان کی میڈیکل اعانت کو بھی سراہا۔