صدر سے شیعہ علماء کی ملاقات‘ جلوس‘ مجالس میں ماسک‘ ضابطہ کار پر اتفاق
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) محرم الحرام سے متعلق ایس او پیز پر اتفاق ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی نے فقہ جعفریہ کے علماء کرام سے مشاورت کی جس میں ایس او پیز پر اتفاق ہوگیا۔ محرم الحرام میں جلوس‘ عبادت طے کردہ ایس او پیز کے تحت ہوں گی۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کا دائرہ کار بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک پھیلایا جائے۔ ایوان صدر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق صدر ڈاکٹرعارف علوی کو انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی ادارے کے کردار اور کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وائس چانسلر انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی میجر جنرل ریحان عبدالباقی، چیئرمین سپارکو میجر جنرل عامر ندیم، ڈائریکٹر ایس پی ڈی بریگیڈ عبدالرحمن عارف نے شرکت کی۔ صدر عارف علوی نے طیارہ سازی اور خلائی علوم کے شعبوں میں تحقیق کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ ملک کے دور دراز علاقوں تک ادارے کی رسائی بڑھائے۔ صدر نے کہا کہ نامور قومی اور بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے تجربات سے فائدے کیلئے ان سے تعاون بڑھایا جائے۔ صدر مملکت کو بتایا گیا کہ ادارہ انجینئرنگ اور خلا سے متعلقہ شعبوں میں گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرام کی سہولت پیش کر رہا ہے، ادارہ کرونا کے دوران طلبہ کو آن لائن تعلیم مہیا کر رہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ایس ٹی بین الاقوامی معیار کے جدید ترین آلات سے آراستہ ہے۔ صدر مملکت نے خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں آئی ایس ٹی کے کردار کی تعریف کی۔ قبل ازیں صدر مملکت عارف علوی کی زیر صدارت فقہ جعفریہ کے علماء کرام کا اجلاس ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران عزا داری اور مجالس کیلئے ایس او پیز پر اتفاق ہو گیا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ‘ وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری‘ گورنر پنجاب چودھری سرور‘ علامہ عارف واحدی اور راجہ ناصر عباس سمیت دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔ ایوان صدر اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مجالس میں فاصلے کا خیال رکھا جائے۔ امام بارگاہ میں لوگوں کے بیٹھنے کیلئے نشان لگائے جائیں گے۔ ماسک کے بغیر کسی کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امام بارگاہ سے باہر جراثیم سے پاک چٹائیاں بچھائی جا سکتی ہیں۔ مجالس مقررہ وقت پر شروع اور ختم کی جائیں۔ تبرک اور نیاز کے دسترخوان کی بجائے پارسل کا اہتمام کیا جائے۔ محرم کے دوران لائسنس یافتہ اور روایتی جلوس کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ اجازت ہوگی۔ جلوس میں ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال اور ماسک لگانا ضروری‘ مناسب فاصلے کو برقرار رکھا جائے گا۔ عمر رسیدہ اور مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کو جلوس میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے۔ صدر مملکت نے علماء کرام کا بھر پور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء محرم الحرام کے حوالے سے صدر مملکت کی زیر صدارت علماء کرام کے مشاورتی اجلاس میں صدر آزاد کشمیر تمام صوبوں کے گورنر بشمول گلگت بلتستان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جلوسوں کی مشروط اجازت ہوگی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ احتیاطتی تدابیر تمام متفقہ تجاویز کی روشنی میں وضع کی گئی ہیں۔ تدابیر این سی او سی سے منظوری کے بعد صوبوں اور علماء کرام کو بھیجی جائیں گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عام آدمی کو گھر کی دہلیز پر فوری اور مفت انصاف کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا ہے وہ اسلام آباد میں وفاقی محتسب سید طاہر شہباز سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی محتسب نے صدر کو اپنے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے صدر کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح کیلئے کئے گئے اپنے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر نے وفاقی محتسب کی کارکردگی اور خصوصی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ انتظامی ناانصافیوں کے خلاف لوگوں کی مدد کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔