• news

وفاق المدارس العربیہ کے سالانہ امتحانات اختتام پذیر

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاق المدارس العربیہ کے سالانہ امتحانات جمعرات کو اختتام پذیر ہو گئے۔ قائدین نے امتحانات کے انعقاد میں تعاون پر حکومت اور متعلقہ سرکاری اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان وفاق المدارس العربیہ کے مطابق صدر وفاق اور ناظم اعلیٰ وفاق المدارس کی طرف سے امتحانی عمل میں شریک تمام ذمہ داران اور کارکنوں کو مبارکباد، حکومت اور سرکاری اداروں کا تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا۔ دینی مدارس کے سب سے بڑے اور قدیم نیٹ ورک وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام کورونا وائرس کے باعث ملتوی شدہ امتحانات بخیر و خوبی اختتام پذیر ہو گئے۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بیک وقت منعقد ہونے والے امتحانات میں شعبہ حفظ سمیت تقریباً چار لاکھ سے زائد طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ امتحانات کے موقع پر کورونا وائرس کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے اور تمام تر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔ وفاق المدارس کے امتحانات کو مقامی اور عالمی میڈیا میں بھرپور پذیرائی ملی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے وفاق المدارس کے امتحانی مراکز کا دورہ کرکے معیاری نظام امتحان کی تعریف کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وفاق المدارس کے ذمہ داران کی مشاورت سے ملک بھر میں تعلیمی سلسلہ فی الفور بحال کرے۔ دریں اثناء وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر اور جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری نے امتحانات کے کامیاب انعقاد پر اﷲ رب العزت کی بارگاہ میں شکر ادا کرتے ہوئے وفاق المدارس کے تمام قائدین، مجلس عاملہ کے اراکین، صوباء ناظمین اور معاون ناظمین، ضلعی اور مقامی مسوولین، نگران عملے، مدارس انتظامیہ، وفاق المدارس کے میڈیا سنٹرز کے ذمہ داران اور طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن