• news

مسلم لیگ (ن) کے 35سے 40ارکان ہمارے ساتھ ہیں: یونس انصاری‘ فارورڈ بلاک کا دعویٰ ایک کروڑ نوکریوں‘ 50لاکھ مکانوں کی طرح کھوکھلا: مریم اورنگزیب

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان صوبائی اسمبلی کو ساتھ ملانے کے لیے حکومتی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دو مختلف عشائیوں میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شرکت کی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما یونس انصاری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے 35 سے 40 ارکان ہمارے ساتھ ہیں۔ (ن) لیگ کا فارورڈ بلاک بہت جلد سامنے آجائے گا۔ یونس انصاری نے کہا کہ ان کی قیادت میں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ن لیگ کے6 اور پیپلزپارٹی کا ایک رکن پہلے ہی ملاقات کرچکا ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی میں فارورڈ بلاک کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ پہلے سے زیادہ متحد ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے فارورڈ بلاک کا دعوٰی ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ مکانوں کی طرح کھوکھلا اور جھوٹا ہے۔ سلیکٹڈ حکومت کی کارکردگی صفر ہے اور سب زبانی جمع خرچ ہے، عوام حکومت کو مسترد کرچکی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن