• news

امریکہ‘ مغرب کی آیا صوفیہ مسجد کی بحالی پر تنقید بلاجواز ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے آیا صوفیہ مسجد کی بحالی پر ترک صدر طیب اردگان کو مبارک باد دی ہے اورکہا ہے کہ آیا صوفیہ کی مسجد کی بحالی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے اندر خوشی اور مسرت کی ایک لہر دوڑ گئی ہے۔ امریکہ اور مغرب کی مسجد کی بحالی پر تنقید بلا جواز ہے۔ آیا صوفیہ پہلے بھی مسجد تھی جسے غیر قانونی طریقے سے میوزیم میں بدل دیا گیا تھا جس سے مسلمانوں کے دل زخمی تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین ہر مذہب کے ماننے والوں کو اپنی عبادت گاہوںکی حفاظت کا حق دیتے ہیں۔ امریکہ اور مغرب کو فلسطین میں اسرائیلی مظالم، مسلمانوں کے قبلہ اول پر ناجائز قبضہ اور مساجد کی بے حرمتی کرتے ہوئے ان میں شراب خانے اور جوئے کے اڈے کھولنے کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے۔ اسلام تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے۔ عالمی برادری کو بھی اسلامی شعائر کا احترام کرنا چاہئے۔ دینی مدارس کے طلباء اسلام اور پاکستان کے اصل محافظ اور امت کی آئندہ آنے والی قیادت ہیں۔ یہ ادارے عالمی استعماری قوتوں کی آنکھوں میں کھٹکتے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر قرآن و سنت کے علوم کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ان اداروں کے خلاف بلاجواز زہریلا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ دہشت گردی کے نام پر دینی مدارس کو بدنام کرنے کی سازش اس لئے ناکام ہوئی کہ آج تک کسی دینی ادارے سے کوئی ایک دہشت گرد نہیں پکڑا گیا لیکن اس کے باوجود منفی پروپیگنڈا جاری ہے۔ کرونا وائرس سے دیگر اداروں کی طرح دینی مدارس کے اساتذہ اور طلباء بھی سخت متاثر ہوئے لیکن متاثرین کیلئے اعلان کردہ امدادی پیکیج میں قرآن و سنت کی روشنی پھیلانے والے ان لاکھوں طلبا اور اساتذہ کی ایک روپے کی بھی امداد نہیں کی گئی اور حکومت نے ہمیشہ ان کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے سب سے بڑے دارالعلوم جامعہ فریدیہ کے امتحانی سینٹر کے دورہ کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا‘ جہاں امتحانی سینٹر میں 15سو سے زائد طلباء امتحان دے رہے ہیں۔ دریں اثناء امیر جماعت سراج الحق سے جے آئی یوتھ پنجاب شمالی کے ذمہ داران کے ایک وفد نے صدر اویس اسلم مرزا کی قیادت میں پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد نے کرونا وبا کے دوران متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں اور آنے والے بلدیاتی الیکشن اور یونٹ سازی کے حوالے سے اب تک طے ہونے والے امور سے آگاہ کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے جے آئی یوتھ کی کرونا وبا کے دوران امدادی سرگرمیوں کی تحسین کرتے ہوئے یوتھ کے ذمہ داران کو شاباش دی اور امید ظاہرکی کہ جے آئی یوتھ کے نوجوان اسی عزم اور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن