• news

کراچی: ’’را‘‘ کے ایجنٹوں کو رقوم فراہم کرنیوالی منی ایکسچینج کا منیجر گرفتار

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹوں کو رقوم فراہم کرنے والی منی ایکسچینج کمپنی کے منیجر کو کراچی سے گرفتار کر لیا گیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسداد دہشت گردی ونگ نے کراچی کے علاقے صدر میں ایک کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک سے جڑے ملزم یاسین کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کراچی میں مبینہ طورپر بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹوں کو بھجوائی گئی رقوم فراہم کرتا تھا۔ حکام کے مطابق ملزم یاسین کی گرفتاری پہلے سے پکڑے گئے ملزمان کی نشاندہی پر کی گئی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی کے خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے ملک دشمن عناصر کو رقوم فراہم کی جا رہی تھیں‘ گرفتار ملزم یاسین منی ایکسچینج کمپنی کا منیجر ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبلضے سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد ہوا ہے جبکہ حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں ملک کے تمام ایئرپورٹس پر ملزمان کی تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن