10 ممالک کی درخواستیں، سول ایوی ایشن نے 166 پائلٹس کے لائسنس کی توثیق کر دی
کراچی(این این آئی)پائلٹس کے مبینہ جعلی لائسنس کے معاملے پر سول ایوی ایشن(سی اے اے)کو مختلف ممالک سے توثیق کے لیے خط موصول ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ترجمان ایوی ایشن ڈویژن نے بتایاکہ 10 ممالک کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں، متحدہ عرب امارات، ترکی سے پائلٹس کی لائسنس کی توثیق کے لیے خط بھیجا گیا ہے۔ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق ملائیشیا، ویتنام، بحرین، ایتھوپیا، ہانگ کانگ، عمان، قطر، کویت سے بھی خط موصول ہوئے ہیں، 176 پاکستانی پائلٹس کی لائسنس کی توثیق کے لیے درخواستیں بھیجی گئی ہیں۔سول ایوی ایشن حکام کے مطابق 166 پائلٹس کے لائسنس کی پاکستان سول ایوی ایشن کی جانب سے توثیق کی گئی ہے، 10 پائلٹس کے لائسنس کی توثیق کا عمل تکنیکی وجوہات کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق تمام باقی پائلٹس کے لائسنس کی تصدیق کا عمل اگلے ہفتے تک مکمل کرلیا جائے گا۔ایوی ایشن ڈویژن حکام کے مطابق کابینہ نے 28 پائلٹوں کا لائسنس منسوخ کردیا ہے، 76 مزید پائلٹس پر بھی ضابطے کے مطابق کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، 158 پائلٹس کے لائسنس کے حوالے سے کارروائی جلد شروع ہوگی، وزیر ہوا بازی تمام عمل کی نگرانی ذاتی طور پر کررہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مشتبہ پائلٹس کے لائسنس کے معاملے پر وزارت ہوابازی کی جانب سے 262 پائلٹس کی فہرست جاری کی گئی تھی، جس میں پی آئی اے کے 141، ائیر بلیو کے 9 اور سرین ائیرکے 10 پائلٹس کے لائسنس مشتبہ قرار دیئے گئے تھے۔فہرست میں پالپا کے سینئر عہدیداران بشمول ترجمان پالپا کیپٹن قاسم قادربھی شامل تھے جبکہ 141کی فہرست میں وہ 17 ہواباز بھی شامل تھے جن کی پی آئی اے نے ڈیڑھ سال قبل خود نشاندہی کی تھی۔