• news

کرونا: مزید 49 جاں بحق، 5 ہزار مریض شفایاب

اسلام آباد+ لندن (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال میں کچھ حد تک بہتری دیکھی گئی ہے۔ ملک میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 61 ہزار 372 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 5 ہزار 514 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ایک ہزار 971 نئے کیسز اور 49 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 5 ہزار مریض صحتیاب ہوئے۔ سندھ میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں نہیں آرہی اور آج بھی مزید ایک ہزار 170 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 30 مریض انتقال کر گئے جبکہ 14 ہزار مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔ سندھ میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 11 ہزار 238 اور اموات ایک ہزار 952 تک جا پہنچی۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 484 نئے کیسز سامنے آئے اور 8 اموات کا اضافہ ہوا۔مجموعی کیسز 89 ہزار 23 ہوگئے ہیں۔ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 59 ہوگئی۔ اسلام آباد میں کرونا وائرس نے مزید 52 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک مریض انتقال کرگیا۔ مجموعی کیسز 14 ہزار 454 ہوگئے ہیں۔ مجموعی اموات کی تعداد 157 ہوچکی ہے۔ بلوچستان میں کرونا کے 20 نئے کیسز کی تصدیق، متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 405 ہوگئی۔ مزید 3 افراد وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے، اموات 131 ہوگئیں۔ خیبر پختونخوا میں مزید 183 کیسز کی تصدیق، متاثرین کی تعداد 31 ہزار 669 ہوگئی۔ مزید 6 مریض جاں بحق، اموات بڑھ کر 1130 ہوگئی ہیں۔ گلگت بلتستان میں 24 گھنٹوں میں 25 نئے مریض سامنے آئے اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔ 25 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد ایک ہزار 750 تک پہنچ گئی جبکہ اموات کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔ آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 افراد متاثر ہوئے اور یوں مجموعی کیسز ایک ہزار 808 تک پہنچ گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 5 ہزار اس بیماری سے صحتیابی کی جانب لوٹ آئے۔اس طرح ملک میں مجموعی صحتیاب مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار 737 ہوگئی ہے۔ ایران کی حکومت نے کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں ایک بار پھر اضافے کے بعد دارالحکومت تہران میں لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کر دیا ہے اور ساتھ ہی مساجد بھی بند کر دی ہیں۔ تہران میں قائم کرونا سے نمٹنے کے مرکزی سنٹر کے سربراہ علی رضا زالی نے بتایا کہ گزشتہ دو دنوں میں 890 کرونا متاثرین کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا، مساجد کے علاہ تہران میں جم اور سوئمنگ پولز بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ حکام نے وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کے باعث سکول میں داخلے کے لیے ٹیسٹ اور امتحانات بھی ملتوی کر دیے ہیں۔ کرونا وائرس کے باعث دنیا میں 5لاکھ 92ہزار 690اموات ہوچکی ہیں اور ایک کروڑ94 لاکھ 9ہزار386 متاثر ہوئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کہ82لاکھ78ہزار974 مریض صحتیاب ہوئے ۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران دنیا میں 2لاکھ 48 ہزار 913 کرونا کیسزسامنے آئے۔ امریکہ میں ریکارڈ 73 ہزار 388 کرونا کیسز رجسٹر ہوئے۔ برازیل میں کرونا وائرس کے 43 ہزار 829 کیسز سامنے آئے۔ بھارت میں بھی ریکارڈ 35 ہزار 468 کرونا کیسز رجسٹر ہوئے۔ امریکہ میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 63 لاکھ 95 ہزار سے زائد ہوگئی اور وہاں اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ48 ہزار118 تک پہنچ چکی ہے۔ بھارت کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں مریضوں کی تعداد10 لاکھ 5ہزارسے زائد ہے اور 25 ہزار609 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ برطانیہ میں کرونا سے اموات کی تعداد 45 ہزار 119 ہوگئی جبکہ 2 لاکھ 92 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔ ایران میں دو لاکھ 67 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں اور13 ہزار608جاں بحق ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں کرونا وبا پر قابو نہ پایا جاسکا، ایک ہی روز میں تقریباً 70 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جو نیا ریکارڈ ہے۔ امر یکی میڈیا کے مطابق کرونا کیسز کی تعداد کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ وبا کے سبب امریکہ میں ایک کے بعد دوسری ریاست میں ماسک پہننا لازم قرار دیا جارہا ہے۔ امریکہ کے سن بیلٹ ہسپتالوں میں سب سے زیادہ مریض لائے جارہے ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہسپتال اور طبی مراکز میں سہولتیں کم پڑجائیں گی۔ امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ وائٹ ہاؤس کی ایک رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی جس میں زور دیا گیا ہے کہ کرونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاستوں میں سخت اقدامات کیے جائیں۔ اس صورتحال میں سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کی ویب سائٹ سے کرونا کا ڈیٹا غائب کردیا گیا ہے جس سے لوگوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت صحت کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز ملک میں کرونا کے اب تک ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز اور ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن میں 34956 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 687 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد ملک میں کرونا کے کیسز 10 لاکھ 3 ہزار سے تجاوز کر گئے اور ہلاکتیں 25 ہزار 600 سے بڑھ گئی ہیں۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں 6 لاکھ 35 ہزار سے زائد کرونا کے مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 63 فیصد ہو گئی ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن نے لاک ڈائون میں مزید نرمی کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ اور ٹرین کو کھولا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کرسمس سے پہلے نظام زندگی کو معمول کے مطابق لانا چاہتے ہیں۔ ٹین ڈائوننگ سٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بورس جانسن نے کہا اگست سے ملازمین کو دفاتر میں کام کرنا ہوگا، معیشت کی بحالی کے لئے ضروری ہے کہ ملازمین گھر کی بجائے دفاتر میں کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں ہم کھیلوں کی طرف بھی واپس آ جائیں گے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کرونا صورتحال سے متعلق میڈیا پر بریفنگ میں این ایچ ایس کیلئے 3 ارب پاؤنڈ کی اضافی امداد کا اعلان کر دیا۔ برطانوی وزیراعظم نے کہا ہے کہ موسم سرما میں وباء کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا ہو گا۔ جامعہ سندھ دادو کیمپس کے انگریزی شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر آفتاب چارن کرونا سے انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر آفتاب کرونا وائرس میں مبتلا تھے۔

ای پیپر-دی نیشن