حدود کی شرط ختم کراچی میں شہری کسی بھی تھانے میں ایف آئی آر درج کراسکیں گے
کراچی (نیٹ نیوز) کراچی سٹی پولیس چیف غلام نبی میمن نے پولیس کے آپریشن اور تفتیشی ونگز کو مشترکہ طور پر اسٹریٹ کرائمز کا مقابلہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور شہریوں سے کہا ہے کہ وہ تھانوں کے دائرہ اختیار سے قطع نظر شہر میں کہیں بھی ابتدائی اطلاع رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرا سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق غلام نبی میمن نے بدھ کی رات کو سندھ بوائز اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں پولیس افسران سے گفتگو کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار ہماری فورس کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی حا لیہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث مجرموں کی گرفتاری پر دس لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے اسٹیشن ہاؤس افسران (ایس ایچ اوز) کو فوری طور پر مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی اور خبردار کیا کہ اس ضمن میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔غلام نبی میمن نے پولیس کو شکایت کنندگان کے لیے مسائل پیدا نہ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں مویشی منڈیوں پر پابندی ہے اور انہیں شہر میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔