پاکستان میں کسی پائلٹ کا لائسنس مشکوک نہیں: پالپا
کراچی( آن لائن ) پاکستان ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن(پالپا) نے کہا ہے کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے پائلٹس کے لائسنسوں کو کلیئر قرار دینا ہمارے موقف کی جیت ہے، وزیر ہوابازی اور پی آئی اے انتظامیہ نے قومی ایئرلائن اور دیگر ملکوں میں کام کرنے والے پائلٹس کو نقصان پہنچایا۔ڈی جی سی اے اے کے خط میں پائلٹس کے لائسنس کلیئر قرار دینے کے معاملے پر پالپا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پائلٹس کے لائسنس کو مشکوک قرار دینے سے پی آئی اے کی ساکھ متاثر ہوئی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی سی اے اے نے خود تسلیم کر لیا کہ سی اے اے نے درست لائسنس جاری کیے، پائلٹس کے لائسنس کے معاملے کو غلط انداز میں میڈیا اور سوشل میڈیا پر پیش کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کسی بھی پائلٹ کا اے ٹی پی ایل لائسنس نہ تو مشکوک ہے اور نہ ہی جعلی اور آج ہمارا موقف قبول کرلیا گیا ہے۔