صحرائی علاقوں میں ٹڈیوں کی افزائش پر اقوام متحدہ کا پاکستان‘ بھارت کو الرٹ
اسلام آباد (این این آئی) اقوام متحدہ کی خوراک اور زراعت کی تنظیم (ایف اے او) نے بتایا ہے کہ تھرپارکر، نارا اور چولستان کے صحرائی علاقوں میں صحرائی ٹڈیوں کی افزائش کا آغاز ہوگیا ہے جس کی رواں ماہ کے آخر تک نسل بڑھے گی اور قیام میں اضافہ ہوگا۔ شمالی صومالیہ میں ٹڈیوں کے جھنڈ سے متعلق نئی رپورٹ کے مطابق بحرہند کے پار صومالیہ سے بھارت پاکستان سرحد کے دونوں اطراف موسم گرما کے افزائش والے علاقوں میں ہجرت بہت جلد ہو سکتی ہے۔ ایف اے او کے مطابق آئندہ ہفتوں میں صومالیہ میں مزید جھنڈ کے بننے کا امکان ہے اور پاکستان اور بھارت کو خبردار کیا گیا ہے جبکہ دونوں ممالک کو احتیاطی اور بچاؤ کے اقدامات جاری رکھنے چاہئیں۔