فیصل آباد: 3 بچوں میں پولیو کی تصدیق‘ کل سے انسدادی مہم شروع
فیصل آباد (آن لائن) فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں 3 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہونے پر محکمہ صحت میں کھلبلی مچ گئی۔ سی ای او ہیلتھ نے متعلقہ یونین کونسلز کے ویکسی نیٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے، آن لائن کے مطابق یونین کونسل 29میں ساڑھے تین سال کی بچی حرم فاطمہ دختر محمد عامر، یونین کونسل 34 میں ڈیڑھ سال کے بچے زین علی ولد نصرامانت اور یونین کونسل 143میں روحان فاطمہ دختر جاوید بخش میں پولیو وائرس کی تصدیق ہونے پر محکمہ صحت کے افسران کی دوڑیں لگ گئیں اور متاثرہ بچوں کے گھروں کا وزٹ کرکے انہیں تمام طبی سہولیات فراہم کروانے کی یقین دہانی کرواتے رہے، تاہم روٹین کے دوران پولیو کی صحیح طریقے سے ویکسی نیشن نہ کرنے پر متعلقہ یونین کونسلز کے ویکسی نیٹرز غلام محی الدین اظہر خان اور آصف نوید کو فوری طورپرشوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی۔ علاوہ ازیں صباح نیوز کے مطابق انسداد پولیو مہم فیصل آباد کی 44 اور اٹک کی 14 یونین کونسلوں میں کیس ریسپانس کے طور پر کل 20 جولائی شروع کی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں انسداد پولیو سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں گے۔ انسداد پولیو سرگرمیوں کے حوالے سے کارکردگی کا ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائیگا۔ 58 یونین کونسلوں میں تین لاکھ 17 ہزار سات سو 83 بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا جبکہ 17 اگست سے صوبے کے دیگر اضلاع میں انسداد پولیو مہم شروع کرنے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی۔ترجمان کے مطابق پہلے مرحلے میں فیصل آباد، اٹک، جنوبی وزیرستان کراچی اور کوئٹہ کے کچھ علاقوں میں 5 سال سے کم عمر کے 8 لاکھ بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔ انسداد پولیو مہم کے مطابق رہ جانے والے بچوں کے لیے الگ مہم شروع کی جائے گی، مْلک بھر میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 60 ہوچکی ہے ۔