• news

کرونا: پہلے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت، اسد عمر: وفاق اور صوبوں نے ملکر عوامی صحت کیلئے بھرپور کام کیا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہوا جس میں عید الاضحیٰ اور محرم الحرام کے حوالے سے ایس او پیز اور حفاظتی تدابیر پر غور کیا گیا۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ اجلاس میں بطور میزبان شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر صحت، وزیر تعلیم کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نیشنل کو آرڈینیٹر، این سی او سی ڈاکٹر فیصل سلطان، تانیہ ایدروس اور میجر جنرل آصف گورایا، ڈی جی آپریشنل اینڈ پلان این سی او سی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، این سی او سی اسلام آباد اور دیگر صوبوں، آزادجموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ این سی او سی فورم نے سندھ کے ٹیسٹنگ اور ٹریس سسٹم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نے ٹی ٹی کیو اسٹریٹجی کے حوالے سے بہت شاندار کام سر انجام دیا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ مانیٹرنگ کا نظام بھی ضروری ہے، فیس ماسک اور احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اب پہلے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ این سی او سی کے صوبائی دارالحکومتوں میں اجلاس کے مقاصد میں اہم ایشوز پر مشاورت اور صوبوں کی کارکردگی کو سراہنا ہے۔ اگرچہ کرونا کے مصدقہ کیسز اور اموات میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا، ہمیں اب پہلے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تاکہ دوبارہ کیسز کی تعداد میں اضافہ نہ ہو۔ سندھ سمیت تمام صوبوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈکس انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زبردست کام کیا ہے، یہ سب شاباش کے مستحق ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ مویشی منڈیوں اور عیدالاضحی کے حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، مویشی منڈیوں میں کنٹرول کا نظام مؤثر بنایا جائے گا تاکہ وباکے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ صوبوں کے ساتھ مل کر احتیاطی تدابیر کو یقینی بنا رہے ہیں، محرم کے حوالے سے بھی پلان مرتب کر رہے ہیں اور محرم الحرام کے حوالے سے حفاظتی تدابیر پر مشاورت جاری ہے۔ مراد علی شاہ نے این سی او سی کی مرکزی ٹیم کو سندھ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اجلاس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں صوبوں کے لیے انتہائی مدد گار ثابت ہوں گے۔وبا کو کنٹرول کرنے میں این سی او سی نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے، ابتدا میں کچھ مشکلات درپیش تھیں لیکن وفاق اور صوبوں نے مِل کر عوام کی صحت کے لیے بھرپور کام کیا جبکہ اس وقت ہسپتالوں سمیت دیگر انتظامات بہتر ہیں۔ ہمیں آنے والے دنوں میں عیدالاضحیٰ، محرم اور ربیع الاول کے حوالے سے خصوصی تیاری کرنا ہوگی۔ سندھ میں ٹیسٹ 12 ہزار کی گنجائش میں ہو رہے ہیں تاہم اب ٹیسٹ کی شرح کچھ کم ہوگئی ہے۔ ہاٹ سپاٹس ایریاز میں سلیکٹیو (مخصوص) لاک ڈائون کر رہے ہیں جبکہ حکومت سندھ نے کووڈ 19 کے مریضوں کے لیے کراچی میں 2 علیحدہ ہسپتال بھی قائم کیے ہیں۔ سندھ میں گلیوں میں قربانی کے جانور کی خرید و فروخت پر پابندی لگائی ہے اور جانور صرف مقرر کی گئی جگہ پر ہی فروخت ہو سکتے ہیں۔ اسد عمر نے کہا این سی او سی کو صوبوں میں لانے کا مقصد کام کو مزید بہتر کرنا ہے، کووڈ 19 پر کنٹرول تمام صوبوں کی مشترکہ کاوشوں سے ہوگا، صوبائی حکومتوں نے بھی کووڈ 19 کو کنٹرول کرنے میں اہم کام کیا ہے، اور وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے کام کررہی ہے اور گائیڈ لائنس بنارہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن