• news

عید سے چند روز قبل مارکیٹیں بند کرنے کی تجویز‘ قبول نہیں: انجمن تاجران

لاہور (کامرس رپورٹر+ نیوز رپورٹر) پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے عید الاضحی سے چند روز قبل بازاروں اور شاپنگ مالز بند کرنے کی تجویز وفاقی حکومت کو ارسال کر دی جبکہ آل پاکستان انجمن تاجران نے مجوزہ تجویز کو مسترد کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے عید الفطر پر خریداری کی اجازت کے دوران کرونا وائرس سے بچائو کے ایس و پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے کیسز کی تعداد میں اضافے کو پیش نظر رکھتے ہوئے عید الاضحی سے چار سے پانچ روز قبل تمام بازاروں اور شاپنگ مالز کو بند رکھنے کی تجویز وفاقی حکومت کو ارسال کر دی اور وفاقی حکومت کی حتمی منظوری کے بعد کسی بھی فیصلے کے حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ دوسری آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پنجاب حکومت کی مجوزہ تجویز کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر طبقے کی معاشی طور پر پہلے ہی کمر ٹوٹ چکی ہے اور عید الاضحی سے قبل بازاروںکو بند کرنے کا فیصلہ سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مارکیٹوں کے تاجر حکومت کے ساتھ طے شدہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کر رہے ہیں۔ اس لئے عید الاضحی سے چار سے پانچ روز قبل بازاروں اور شاپنگ مالز کو بند کرنے کا فیصلہ کسی طرح بھی قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں مجبور نہ کرے کہ ہم کاروبار بند کر کے چابیاں حکومت کے ہاتھ میں تھمانے پر مجبور ہوجائیں اور اس کے بعد حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔ دوسری جانب عیدالاضحیٰ کے بعد کاروباری طبقہ کو مزید ریلیف دینے کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔ پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا کا اجلاس منعقد ہوا‘ اجلاس سمیں ہوٹلز‘ شادی ہالز اور سیاحتی مراکز کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد‘ میاں اسلم اقبال اور ہاشم جواں بخت نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن