سرگودھا: 5 طالب علم دریائے چناب میں نہاتے ڈوب گئے‘ 2 جاں بحق
سرگودھا (آن لائن) دریائے چناب میں نہاتے ہوئے دینی مدرسہ کے 5 طالب علم ڈوب گئے۔ ریسکیو ٹیم نے 3 طالب علموں کو نکال لیا جن میں سے 2 جاں بحق ہوگئے۔ ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دو طالب علموں کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دینی مدرسہ غوثیہ کے 5 طالب علم حسین زبیر، عقیل احمد، شاہ نواز، بلال حسین اور محمد عزیر جن کی عمریں 17 سے 20 سال ہیں۔ مڈھ رانجھا کے دریائے چناب میں نہانے گئے اور ڈوب گئے۔ دیگر لوگوں کے شور مچانے پر علاقے کے لوگوں نے اپنی مدد آپ اور ریسکیو 1122 کی ٹیم کے ذریعے ڈوبنے والوں کی تلاش شروع کی۔ ریسکیو کی ٹیم نے آپریشن کے دوران 3 طالب علموں کو نکال لیا جن میں سے 2 طالب علم جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک طالب علم کو تشویشناک حالت کے باعث ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا پہنچا دیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈوبنے والے دیگر 2 طالب علموں کی تلاش جاری ہے۔