• news

اسلام آباد ہائی کورٹ کاچڑیا گھر کے جانوروں کے حوالے سے تفصیلی آرڈر جاری کر نے کا فیصلہ، درخواست نمٹا دی

اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چڑیا گھر کے جانوروں کے حوالے سے تفصیلی آرڈر جاری کر نے کا فیصلہ کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی ۔ ہفتہ کو عدالتی احکامات کے باوجود چڑیا گھر سے جانوروں کی عدم منتقلی کے کیس پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ دور ان سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپکی میٹنگ ہوگئی ہے اور فیصلہ کیا ہوا؟ نمائندہ وائلڈ لائف نے کہاکہ میٹنگ میں کاوان ہاتھی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا،نیپال، سری لنکا اور کمبوڈیا کے نام فائنل تھے، کاوان کو کمبوڈیا بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، کیوں کہ اس پر ہمیں کم خرچ کرنا پڑے گا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کاوان ہاتھی کو بھیجنے کا ٹائم فریم کیا ہے؟ ۔ ڈی جی وائلڈلائف نے کہاکہ حکومت کو ویزہ کیلئے خط لکھا گیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری ماحولیات نے کہاکہ وائلڈ لائف نے ہمیں ویزے کیلئے لکھا ہے اور ہم وزارت خارجہ کو لکھیں گے۔ ایڈیشنل سیکرٹری ماحولیات نے کہاکہ ہمیں ان تمام پراسسز سے گزرنے کیلئے کوئی 4 ہفتے لگیں گے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ دنیا کی نظریں اس عدالتی فیصلے پر ہیں۔ نمائندہ وائلڈ لائف نے کہاکہ مرغزار چڑیا گھر کے باقی جانوروں کو سینکچریز منتقل کرنے کی تیاری مکمل ہوگئی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ وزیراعظم عمران نے بھی اس معاملے میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی ہے، چڑیا گھر تو بادشاہت نظام کی علامت ہے۔چیف جسٹس نے کہاکہ پرانے وقتوں میں بادشاہ چڑیا گھروں کا استعمال اپنی طاقت دکھانے کیلئے کرتے تھے، انسان کی طاقت کمزوروں کی حفاظت کرنا ہے، ان کو ختم کرنا نہیں، انسانوں کو جانوروں کے رہنے کے ماحول کی حفاظت کرنا ہوگی۔چیف جسٹس نے کہاکہ جانور ناپید نہیں ہورہے، انسان ہو رہے ہیں، اگر انسانوں نے ناپید ہونے سے بچنا ہے تو جانوروں کے رہنے کے ماحول کی حفاظت کرنا ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن