آزاد تجارتی معاہدے سے پاکستان کی چین کیساتھ برآمدات میں اضافہ
اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ) آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کی وجہ سے چین کے ساتھ برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، آزاد تجارت کی پالیسی کی وجہ سے تجارتی شرح نمو حال ہی میں 19 فیصد سے 26 تک پہنچ گئی ہے۔چینی حکومت نے پاکستان کے ساتھ تجارت کو بڑھانے میں بڑی دلچسپی ظاہر کی ہے، وہ پاکستان سے سامان درآمد کرنے کی امید کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ سبزیوں اور پھلوں کو چین درآمد کیا جائے گا۔گوادر پرو کی رپورٹ کے مطابق چین میں پاکستانی آم ، بیری پھل ، آلو ، گندم ، چاول اور ترشاوا پھلوں کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ دونوں ممالک جینیاتی طور پر انجینئرڈ چاول تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ ایک اور بڑا منصوبہ حلال کھانے کی اشیاء کے لئے قابل اعتماد سپلائی چینوں کی تعمیر ہے۔ پاکستان کے مشیر تجارت نے توسیع کے امکان کو بیان کرتے ہوئے کہا پاکستان چین کو کپاس کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہونے کے بعد چاول کا دوسرا برآمد کنندہ بن سکتا ہے۔ ادھر ایک اور چیز معدنیات اور قیمتی پتھر ہیں۔ سی پیک پروجیکٹ میں ٹیکس 35 فیصد سے 0 فیصدکر دیئے گئے ہیں۔ اب سونے اور تانبے کے ذخائر بھی چینی انجینئروں کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں ، انہیں ریکو ڈیک میں دریافت کیا گیا ہے۔