• news

مغربی روٹ، ژوب سے کچلاک شاہراہ نہایت اہم، کام کیلئے بولی کا عمل جاری، عاصم باجوہ

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات و چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطہ کے ویب سائٹ پہ اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہبلوچستان کے عوام کیلئے نہایت ضروری ژوب سے کچلاک شاہراہ پر کام کیلئے بولی کا عمل جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے ٹویٹ میں لکھا کہ ژوب سے کچلاک شاہراہ پر کام کیلئے بولی کا عمل جاری ہے۔ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ یہ شاہراہ مغربی روٹ کا حصہ ہے اور یہ بلوچستان کے عوام کیلئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ منصوبے کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے ژوب تک کا سیکشن چینی فنڈنگ کیلئے جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (جے سی سی) کو بھیجا جا رہا ہے۔ اس کی تکمیل پر اسلام آباد اور کوئٹہ ایکسپریس وے کے ذریعے منسلک ہو جائیں گے۔ گزشتہ روز عاصم سلیم باجوہ نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ایکنک سے 306 کلومیٹر طویل سکھر حیدرآباد ایم 6 موٹروے منظور ہو چکا ہے۔ ایم 6 موٹروے کی تعمیر سے زیریں سندھ میں سماجی و اقتصادی ترقی آئے گی۔ موٹروے کی تکمیل سے کراچی سے پشاور تک مشرقی روٹ مکمل ہو جائے گا اور بلوچستان موٹر ویز نیٹ ورک سے منسلک ہو جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن