جاپانی کابینہ نے آئندہ سال کیلئے معاشی اور مالی پالیسیوں کے منظوری دیدی
ٹوکیو (اے پی پی) جاپانی کابینہ نے آئندہ سال کے لیے ملک کی مالیات اور معیشت کے انتظام کے لیے بنیادی پالیسیوں کی منظوری دے دی ہے۔جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق ان میں ڈیجیٹل ورک انتظامات میں منتقلی کے عمل کو تیز کرنے کا عہد شامل ہے۔ یہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب جاری عالمی وبا نے اس بات کو عیاں کر دیا ہے کہ جاپان ڈیجیٹل دنیا کی جانب پیشرفت میں کس قدر پیچھے ہے۔نئی پالیسیاں آن لائن انتظامی طریقہ کار کو فروغ دیں گی اور ایسے قوانین کا خاتمہ کریں گی جن کے تحت کاغذی دستاویزات اور مہریں ضروری ہیں۔کرونا وائرس کے خلاف جنگ کے لیے حکومت پی سی آر اور دیگر ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ ادویات اور ویکسین کی تیاری میں تیزی لائی جائے۔حکومت کا یہ ہدف بھی ہے کہ ٹوکیو کے علاقے میں معاشی اور سماجی سرگرمیوں کا حد سے زیادہ ارتکاز کم کیا جائے۔ حکومت مقامی علاقوں کی احیا اور سپلائی چین کو متنوع بنانے کے لیے کام کرے گی۔